افغان وزارت دفاع کا ملک کے مختلف حصوں میں آپریشنوں میں 700کے قریب عسکریت پسندوں کوہلاک و زخمی کرنے کا دعویٰ ‘ ننگر ہار میں نیٹو کے فوجی قافلے پر حملے پر دو فوجی زخمی‘ لوگر میں جھڑپوں کے دوران 15طالبان ہلاک ‘کنڑ میں عسکریت پسندوں نے 5مقامی شہریوں کو اغواء کرلیا ‘ ہلمند میں افغان سیکورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری

منگل 9 اگست 2016 13:02

کابل۔ 9 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 اگست۔2016ء) افغان وزارت دفاع نے گزشتہ ہفتے کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں آپریشنوں میں 700کے قریب عسکریت پسندوں کوہلاک و زخمی کرنے کا دعویٰ کیا ہے‘ ننگر ہار میں نیٹو کے فوجی قافلے پر حملے پر دو فوجی زخمی ہوگئے‘ لوگر میں جھڑپوں کے دوران 15طالبان ہلاک ہوگئے ‘کنڑ میں عسکریت پسندوں نے 5مقامی شہریوں کو اغواء کرلیا ‘ کابل میں بم دھماکے کے نتیجہ میں ایک افغان فوجی اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے‘ہلمند میں افغان سیکورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔

افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت دفاع کے عہدیدار جنرل محمد حبیب حصاری نے کابل میں پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں گزشتہ ہفتے کے دوران مختلف آپریشنوں میں 700کے قریب عسکریت پسند ہلاک اور زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ان میں 518 عسکریت پسند ہلاک اور 188کے قریب زخمی ہوگئے یہ کارروائیاں ننگر ہار ‘ کنڑ‘ لغمان ‘ پکتیکا‘ پکتیا‘ خوست ‘ قندھار‘ زابل ‘ ہلمند ‘غور‘ فرح ‘ قندوز ‘ تخار اور لوگر صوبوں میں کی گئی ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک بھر میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے 19 آپریشنز جاری ہیں اور زیادہ تر توجہ مشرقی اور جنوبی صوبوں پر ہیں ۔

ننگر ہار میں نیٹو کے فوجی قافلے پر حملے پر دو فوجی زخمی ہوگئے ‘ حکام کے مطابق گزشتہ روز بہسود کے علاقے میں نیٹو کے قافلے کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں دو امریکی فوجی زخمی ہوگئے ‘ وسطی صوبہ لوگر میں جھڑپوں کے دوران 15طالبان ہلاک ہوگئے۔اسی طرح کنڑ میں عسکریت پسندوں نے 5مقامی شہریوں کو اغواء کرلیا ‘ دارالحکومت کابل میں بم دھماکے کے نتیجہ میں ایک افغان فوجی اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق بم دھماکہ باگرامی کے علاقے میں اس وقت ہوا جب سیکورٹی فورسز کی ایک گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی اس واقعہ میں ایک فوجی اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔صوبہ غزنی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک ہوگئے۔افغان حکام کے مطابق مرنے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور ان میں دو بچیاں بھی شامل تھیں۔ صوبہ فرح میں اسی نوعیت کے ایک دھماکے میں چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

دریں اثناء صوبہ ہلمند میں فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے افغان حکام نے بتایا کہ ہلمند کے تین اضلاع نادعلی ‘ گارم سیراور ضلع نواء میں طالبان اور افغان سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے حکام کے مطابق اس لڑائی میں اب تک متعدد عسکریت پسند اور سیکورٹی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :