دہی کے باقاعدہ استعمال سے بلڈ پریشرکنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے،ماہرین

منگل 9 اگست 2016 13:10

اسلام آباد ۔ 9 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 اگست۔2016ء) امریکی ماہرین کا کہناہے کہ دہی کا باقاعدہ استعمال بلڈ پریشرکنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے۔ بوسٹن یونیورسٹی سکول آف میڈیسن کے سائنسدان جسٹن بیونڈا کے مطابق لاکھوں افراد پرکی جانے والے جدید تحقیق سے معلوم ہوا کہ دہی کا باقاعدہ استعمال بلند فشارِ خون کو 20 فیصد تک کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور مردوں کے مقابلے میں خواتین پر اس کے زیادہ فوائد مرتب ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

تحقیق کے دوران جو خواتین و حضرات پھل ، سبزیاں اور پھلیاں کھاتے رہے، دہی کا استعمال ان کے بلڈ پریشر میں 31 فیصد کمی کی وجہ بنا۔ جسٹن بیونڈا کے مطابق اگرچہ دہی جادوئی شے نہیں لیکن دہی کو خوراک میں شامل کرنے سے بلڈ پریشربڑھنے کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔ اس مطالعے میں 2 لاکھ 40 ہزار افراد شامل کئے گئے تھے جن میں اکثریت 25 سے 55 سال کی خواتین شامل تھی جبکہ مردوں کی عمریں 40 سے 75 برس تھی۔خیال رہے کہ دہی میں موجود ایک بیکٹیریا جسم پر مفید اثرات مرتب کرکے نہ صرف بلڈ پریشر قابو کرتا ہے بلکہ کولیسٹرول اور شکر کو بھی معمول پر رکھتا ہے اس کے علاوہ دیگر مطالعوں سے ثابت ہوا ہے کہ دہی امراضِ قلب اور ہڈیوں کی بریدگی سے بھی بچاتا ہے۔