سید مراد علی شاہ کی زمینوں پر قبضے اور چائنا کٹنگ کے خلاف کارروائی کی ہدایت

غیرقانونی قبضوں اور چائنا کٹنگ پر جامع رپورٹ پیش کی جائے ‘وزیر اعلیٰ سندھ

منگل 9 اگست 2016 14:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے زمینوں پر قبضے اور چائنا کٹنگ کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سے جامع رپورٹ بھی طلب کرلی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے صبح سٹی کورٹ کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈی جے سائنس کالج کے پرنسپل سے ملاقات کی اور اپنی درسگاہ کی یادیں بھی تازہ کیں۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے زمینوں پر قبضے اور چائنا کٹنگ کا نوٹس لیتے ہوئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگر سے تفصیلات طلب کرلیں۔سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ غیرقانونی قبضوں اور چائنا کٹنگ پر جامع رپورٹ پیش کی جائے۔وزیراعلیٰ نے چائنا کٹنگ فوری طور پر روکنے کے بھی احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال سمیت سرکاری املاک کی حفاظت بھی حکومت کی ذمے داری ہے۔

یہ پالیسی بنائی جائے جس علاقے میں تجاوزات اور قبضے ہوں وہاں کا ایس ایچ او ذمہ دار ہوگا۔وزیراعلیٰ سندھ نے صبح سٹی کورٹ کراچی کی سیکیورٹی سے متعلق معاملات کا بھی جائزہ لیا ۔دورے کے موقع پر ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر نے ان کو بریفنگ دی۔مشتاق مہر نے بتایا کہ سٹی کورٹ کے داخلی اور خارجی راستوں کی مانیٹرنگ اورسیکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور سیکیورٹی کیمروں اور اسکیننگ مشینوں سے اسے مزید موثر بنایا گیا ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سٹی کورٹ کے اطراف کچرا صاف نہ ہونے پر کے ایم سی جنوبی کو اس سلسلے میں فوری صفائی کی ہدایت کی۔واپسی میں مراد علی شاہ اپنی درسگاہ ڈی جے سائنس کالج بھی گئے اور پرنسپل سے ملاقات بھی کی ۔انہوں نے اپنی درسگاہ سے متعلق یادوں اور معلومات کا تبادلہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :