وویمن ایشیا کپ کیلئے قومی وویمن ٹیم کا تربیتی کیمپ اگست کے تیسرے ہفتے میں منعقد کرنیکا اعلان

منگل 9 اگست 2016 15:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 اگست ۔2016ء ) قومی وویمن ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپین سعید خان نے وویمن ایشیا کپ کیلئے قومی وویمن ٹیم کا تربیتی کیمپ اگست کے تیسرے ہفتے میں منعقد کرنیکا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ماضی میں وویمن ہاکی کا نہ ہونا افسوسناک اقدام تھا، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی موجودہ مینجمنٹ قومی کھیل کی ترقی کیلئے سنجیدہ بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، وویمنز ہاکی ابھی اپنے ابتدائی مراحل میں ہے ، وویمن ایشیا کپ کی تیاری کیلئے 35پلیئرز کو شارٹ لسٹ کیا جائیگا جبکہ نیشنل وویمنز ہاکی چیمپین شپ میں 150سے زائد لڑکیوں کی شرکت خواتین ہاکی کے فروغ کیلئے خوش آئند ثابت ہو گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں جاری نیشنل وویمنز ہاکی چیمپین شپ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سعید خان نے کہاکہ تین سال کے بعد نیشنل وویمنز ہاکی کا ایونٹ منعقد ہو رہا ہے ، مجھے امید ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری شہباز سینئر مینز ٹیم کیساتھ ساتھ خواتین ایونٹس کے انعقاد پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور اسی لئے قومی وویمنز ٹیم رواں سال اکتوبر میں تھائی لینڈ میں ہونیوالی وویمنز ایشیا کپ میں شرکت کرئے گی ۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں وویمنز ہاکی کا نہ ہونا افسوسناک ہے اور پاکستان میں وویمنز ہاکی ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ ملک بھر سے 150سے زائد خواتین پلیئرز نیشنل وویمنز ہاکی چیمپین شپ میں ایکشن میں دکھائی دے رہی ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ایونٹ میں کئی با صلاحیت خواتین پلیئرز بھی متعارف ہوئی ہیں ، ایشیا ہاکی کپ کی تیاری کیلئے فیڈریشن کی مشاورت سے تربیتی کیمپ اگست کے تیسرے ہفتے میں لگایاجائیگا ۔

سعید خان نے مزید کہاکہ ہاکی کھیل کی ترقی کیلئے کواپوریٹ سیکٹر کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، وویمنز ہاکی کیلئے ایونٹس آف کیلنڈر بھی ترتیب دیا جائیگا جبکہ وویمنز ٹیم کی تشکیل کے مراحل میں خاتون ٹرینر ، نیوٹریشن اور ڈاکٹرز کی بھی ضرورت ہو گی ۔ان کا کہنا تھا کہ ہاکی فیڈریشن کی موجودہ مینجمنٹ قومی کھیل کی ترقی کیلئے سنجیدہ بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، وویمنز ہاکی ایونٹس کی بحالی بھی فیڈریشن کا ایک بڑا کارنامہ ہے جس سے خواتین میں ایک بار پھر ہاکی کھیل میں دلچسپی بڑھے گی ۔

متعلقہ عنوان :