کوئٹہ میں دہشتگردی افسوسناک ہے‘ اقتصادی راہداری پورے پاکستان کا منصوبہ ہے، اگر ہمارا دشمن واضح ہے تو اشاروں میں بات کرنے کی بجائے اس کا نام لینا چاہیے

وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی کا قومی اسمبلی میں اظہارخیال

منگل 9 اگست 2016 15:29

اسلام آباد ۔ 09 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 اگست۔2016ء) وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں دہشتگردی کا واقعہ افسوسناک ہے‘ اقتصادی راہداری کسی ایک صوبے کا نہیں پورے پاکستان کا منصوبہ ہے‘ اس سے نیا پاکستان بننے جارہا ہے‘ جودشمن ہمارے خلاف واضح کارروائیوں میں ملوث ہے تو ہمیں بھی اس کا نام لینا چاہیے۔

منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعہ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر نے سانحہ کوئٹہ کو افسوسناک اور دردناک قرار دیا اور اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس میں عظیم نقصان ہوا ہے، اس کو کوئٹہ پر نہیں پاکستان پر حملہ قرار دیا جانا چاہیے۔ آرمی چیف اور وزیراعلیٰ بلوچستان دونوں نے یکساں بیان دیا کہ سی پیک کو ناکام بنانے کے لئے یہ حملہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک پورے پاکستان کا منصوبہ ہے اور اس سے نیا پاکستان بننے جارہا ہے، یہ بیانات انٹیلی جنس رپورٹوں کی بنیاد پر دیئے گئے ہیں۔ اگر ہمارا دشمن واضح ہے تو ہمیں اب اشاروں میں بات کرنے کی بجائے اس کا نام لینا چاہیے۔ گوادر پورٹ کے خلاف اگر امریکہ یا کوئی دوسرا ملک کارروائیاں کر رہا ہے تو اس کے ساتھ بات کی جائے اور اپنی قوم کو حقائق بتائے جائیں۔

جب تک عوام کو فیصلوں میں شریک نہ کیا گیا تو مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اس ملک کی فوج ہے۔ آرمی چیف نے ہمیشہ آئین کا احترام کیا‘ ہمیں اپنی فوج‘ انٹیلی جنس اداروں اور آرمی چیف پر ناز ہے۔ آرمی چیف اور وزیراعظم کی وہاں جانا ذمہ داری تھی۔ مولانا فضل الرحمان پر چار حملے ہوئے، انہوں نے اپنی جان کو ہتھیلی پر رکھ کر ان لوگوں سے کہا کہ وہ ملک کے ساتھ جو کھیل کھیل رہے ہیں وہ درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر عالم دین اور پارلیمنٹرین کو خطرہ ہے، ہم سب کو اس ایوان میں بیٹھ کر لائحہ عمل مرتب کرنا ہے، یہ تو اللہ کا شکر ہے کہ حکومت ‘ فوج اور ادارے ایک صفحہ پر ہیں۔