کراچی کے مئیر اور ڈپٹی مئیر کے لیے ایم کیو ایم ‘ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور جماعت اسلامی کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور‘انتخابات24اگست کوہونگے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 9 اگست 2016 15:39

کراچی کے مئیر اور ڈپٹی مئیر کے لیے ایم کیو ایم ‘ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ..

کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 اگست۔2016ء) کراچی کے مئیر اور ڈپٹی مئیر کے لیے ایم کیو ایم کے وسیم اختر اور ارشد وہرہ سمیت پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور جماعت اسلامی کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔تفصیلات کے مطابق 24 اگست کو مئیر اور ڈپٹی مئیر کے انتخاب کے لیے پولنگ ہوگی، کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کیلئے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کا سلسلہ کے ایم سی بلڈنگ میں جاری ہے۔

مئیر کراچی کے لیے جیل میں زیر حراست متحدہ قومی مووومنٹ کے امیدوار وسیم اختر اور ڈپٹی مئیر کے لیے ارشد وہرہ سمیت ڈور میں شامل پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔نامزد ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ کا کہنا ہے کہ کراچی شہر کو یتیم سمجھا جا رہا ہے، بیوروکریسی نے وزیراعلیٰ کو بے وقوف بنا رکھا ہے۔

(جاری ہے)

مئیر کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار نے کراچی کی ناقص صفائی ستھرائی کا ذمے دار میٹروپولیٹن کو قرار دیا ہے، ڈپٹی مئیر کے لیے مسلم لیگ ن کے امیدوار نے بلدیاتی کمزوریوں، پانی کی قلت ختم کرنے سمیت ترقیاتی منصوبوں کے شہریوں کو خواب دکھا دئیے۔امیدواروں کی حتمی فہرست 16 اگست کو آویزاں کی جائے گی، پولنگ 24 اگست کو ہوگی اور انتخابی نتائج کا اعلان25 اگست کو ہوگا جبکہ مئیر ، ڈپٹی مئیر اور ضلعی چیئرمین اور وائس چیئرمین 30 اگست کو حلف اٹھائیں گے۔دوسری جانب ایم کیو ایم کے اسیر امیدوار وسیم اختر کی بھی ضمانت میں 20 اگست تک توسیع کر دی گئی ہے۔