ڈاکٹر اظہر جدون کاشہری علاقوں اور سیاحتی مقامات کے ارد گرد جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا سخت نوٹس

منگل 9 اگست 2016 16:11

ایبٹ آباد۔ 9 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 اگست۔2016ء) تحریک انصاف کے رہنما رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد اظہر خان جدون نے ضلع ایبٹ آباد باالخصوص شہری علاقوں اور سیاحتی مقامات کے ارد گرد کے علاقوں میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ جرائم پیشہ گروہوں کا قلع قمع کرنے کیلئے مستعد کردار ادا کریں۔

سوموار کو ٹھنڈیانی اور ایبٹ آباد کی مختلف یونین کونسلوں کے نمائندہ وفود سے ملاقات کے دوران ڈاکٹر اظہر جدون نے انہیں یقین دلایا کہ متعلقہ اہلکاروں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی مہلت دی جائے گی اور فرائض میں غفلت برتنے پر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اظہر جدون نے اِیبٹ آباد کے گنجان آباد شہری علاقوں سے بچوں کے اغواء کا بھی نوٹس لیا ۔

اس موقع پر انہوں نے ایبٹ آباد کی بڑھتی ہوئی آبادی کے لحاظ سے پولیس تھانہ جات کی تعداد اور پولیس کی افرادی قوت اور وسائل میں اضافہ کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایبٹ آباد میں قیام امن کیلئے فوری و سنجیدہ عملی اقدامات کئے جائیں۔ ڈاکٹر اظہر نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ رواں ہفتہ ضلعی انتظامیہ سے امن و امان کی صورتحال بارے تفصیلی ملاقات بھی کریں گے۔