آئی جی پولیس خیبر پختونخواکاعیدالفطرکے موقع پر موثر ٹریفک پلان ترتیب دینے پرمانسہرہ ٹریفک پولیس اہلکاروں میں نقد انعامات اور تعریفی اسنادتقسیم

منگل 9 اگست 2016 16:20

ایبٹ آباد۔ 9 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 اگست۔2016ء) انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان درانی نے کہا ہے کہ مانسہرہ ٹریفک پولیس کی مسلسل کوششوں اور پیشہ وارانہ مہارت کی بدولت سیزن کے دوران سیاحوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا، سہولیات کی کمی کے باوجود مانسہرہ ٹریفک پولیس نے اپنے فرائض بہترطریقہ سے سرانجام دیئے ہیں، ٹریفک پولیس کی پیشہ وارانہ مہارت کی بدولت مانسہرہ سے لیکر ناراں کاغان کی سیاحتی وادیوں تک کسی بھی جگہ ٹریفک جام نہیں ہونے دی، طویل روٹ کو صرف ایک ٹریفک موبائل گاڑی سے ہینڈل کیا جاتا رہا۔

وہ سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ تقریب میں مانسہرہ ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو عیدالفطر کی چھٹیوں کے موقع پر وادی کاغان اور ناران میں سیاحوں کیلئے موثر ٹریفک پلان ترتیب دینے پر نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آئی جی پی نے مانسہرہ ٹریفک پولیس کو جسم سے پیوست خفیہ کیمرے رکھنے اور چالان کے وقت اس سے ریکارڈنگ کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے انعام یافتہ پولیس اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ باقاعدہ ہوم ورک مکمل کر کے اپنے فرائض سرانجام دیں۔ اس موقع پر آئی جی پی نے اے ایس پی صدر مس سونیا شمروز، ٹریفک انسپکٹر جمال زیب، ٹریفک محرر محمد صدی، ٹکٹ آفیسر رشید، ٹریفک کانسٹیبلان صداقت، وقاص بن ظہور اور ڈرائیور، کانسٹیبل ذوالفقار کو نقد انعامات اور توصیقی اسناد سے نوازا۔

واضح رہے کہ عیدالفطر پر کاغان اور ناران کے سیاحتی مقامات پر ملک بھر سے کثیر تعداد میں سیاح آئے اور ایک اندازے کے مطابق سیاحوں کی ڈیڑھ لاکھ سے زائد گاڑیاں علاقہ میں داخل ہوئی تھی۔ اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے اور سیاحوں کے قافلوں کو رواں دواں رکھنے کیلئے ایک موثر ٹریفک پلان مرتب کیا گیا تھا، اس مقصد کیلئے خصوصی ٹریفک مینجمنٹ مہم بھی چلائی گئی تھی۔ ٹریفک پولیس اہلکاروں نے داتا بیئرز سے بابوسر ٹاپ تک ٹریفک کو رواں دواں رکھا۔ مانسہرہ ٹریفک پولیس کی پیشہ وارانہ کوششوں کو مقامی افراد بالخصوص سیاحوں نے دل کھول کر سراہا۔