نئے وزیراعلیٰ عوام کو ان کے حقوق کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑیں تب سندھ میں حقیقی تبدیلی ممکن ہو گی، جمعیت علما ء اسلام

منگل 9 اگست 2016 16:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء) جمعیت علما ء اسلام کے مرکزی رہنماؤں قاری شیر افضل خان اور حاجی محمد ادریس نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی تبدیلی سے صوبہ میں مثبت تبدیلیاں آئینگی اور دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام میں نئے وزیر اعلیٰ خصوصی دلچسپی لیں گے ۔

(جاری ہے)

جے یو آئی کے رہنماؤں نے مراد علی شاہ کو سندھ کا وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کر تے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے مراد علی شاہ ٹھوس اقدامات کریں گے اور صوبہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کر نے کیلئے اپنے تھن من دھن کی بازی لگائیں گے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد جمعیت علما ء اسلام کے سر براہ مولانا فضل الرحمن سے ملا قات کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ سب جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں حقیقی تبدیلی کیلئے ناگزیر ہے کہ نئے منتخب وزیر اعلیٰ عملی اور دیر پا اقدامات کریں اور عوام کو ان کے حقوق کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑیں تب سندھ میں حقیقی تبدیلی ممکن ہو گی۔