حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی سانحہ کوئٹہ کی شدید الفاظ میں مذمت

منگل 9 اگست 2016 16:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کا ایک تعزیتی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں سانحہ کوئٹہ کی شدیدمذمت کی گئی اور المناک سانحہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ و افسوس کا اظہار کیا گیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اجلاس میں حریت قائدین نے کہا کہ بلوچستان میں بھارت دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث ہے۔

بھارت نے آج تک پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستان میں ترقی اور امن نہیں دیکھنا چاہتا ہے۔ شہداء کوئٹہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حریت قائدین نے دہشتگردوں کی مذموم و بزدلانہ کارروائی کی پرزور مذمت کی اور اس کو غیر اسلامی اور انسانیت کے خلاف قرار دیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مقررین نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر نئی نسل میں منتقل ہوچکی ہے اور بھارت کی کوشش ہے کہ مقبوصہ کشمیر میں نسل کشی ُ کرکے کشمیر کی تحریک سے وابستگی کو ہرحال میں روکا جاسکے جس میں بھارت کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگا۔

بھارت نے پچھلے ایک مہینے میں مقبوضہ کشمیر میں 70 سے زیادہ کشمیری نوجوانوں کو شہید جبکہ چھ ہزار سے زائد کو زخمی کردیا ہے ۔ قائدین نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی بند کرانے پر دباؤ ڈالیں۔ اس موقعہ پر شہداء کوئٹہ اور شہداء کشمیر کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :