15اگست کو مظفرآباد سے چکوٹھی مارچ تحریک آزادی کشمیر میں سنگ میل ثابت ہو گا،عبدالرشید ترابی

مارچ میں پاکستان ،آزاد کشمیر کی قومی قیادت سیاسی و دینی رہنماء شرکت کریں گے ، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر

منگل 9 اگست 2016 16:49

راولپنڈی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ 15اگست کو مظفرآباد سے چکوٹھی مارچ تحریک آزادی کشمیر میں سنگ میل ثابت ہو گا اس مارچ میں پاکستان اورآزاد کشمیر کی قومی قیادت سیاسی اور دینی راہنما شرکت کریں گے ،مقبوضہ وادی میں ظلم کی انتہا ہو چکی ہے یہ تاریخی مارچ مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کے حوصلے بلند کرنے کے علاوہ بین الاقوامی رائے عامہ کو بھی متوجہ کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے امراء اضلاع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی سردار ارشد ندیم ایڈووکیٹ سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،اجلاس میں اضلاع کی جائزہ رپورٹ پیش کی گئی آئندہ کے اہداف طے کیے گئے اجلاس میں متفقہ طور پر شوریٰ کی پالیسی کے مطابق امیر جماعت کی سیاسی حکمت عملی جس کے نتیجے میں جماعت کو پارلیمانی رول ملا ہے اس کی بھرپور تحسین کی گئی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جماعت اسلامی بیس کیمپ میں نظام کی اصلاح اور تحریک آزادی کشمیرکو منزل تک پہنچانے کے لیے اپنے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام ہم سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ ہم ان کی آزادی کی منزل کو حاصل کروانے میں اہم کردار ادا کریں گے اس حوالے سے اب وقت آگیا ہے کہ بیس کیمپ اپنا حقیقی کردار ادا کرے ،بڑے پیمانے پر رائے عامہ منظم کرنے کی ضرورت ہے جماعت اسلامی نے روز اول سے تحریک آزادی کشمیر کے ہر محاذ پر اپنا کردار ادا کیا ہے اس فیصلہ کن مرحلے پر بھی جماعت اسلامی اپنے تاریخی کردار کے تسلسل کو جاری رکھے گی ہماری کوشش ہے کہ حکومت آزاد کشمیر اور اس کے سارے ادارے تحریک آزادی میں اپنا مطلوبہ کردار ادا کرے گی ،جماعت اسلامی اپنے اس پارلیمانی رول کو تحریک آزادی کشمیر اور نظام کی اصلاح کے لیے براؤ کار لائے گی ،انہوں نے کہا کہ با وقار پارلیمانی رول ملنے کی وجہ سے دعوت کے وسیع امکانات پیدا ہوچکے ہیں جماعت اسلامی کے کارکن اس سے استفادہ کریں عوام الناس کی دینی اور اخلاقی تربیت کا اہتمام کریں بڑے پیمانے پر لوگوں کو قرآن کی تعلیمات سے روشناس کروائیں تا کہ آزاد خطے میں حقیقی معنوں میں اسلام کا عادلانہ اور فلاحی معاشرہ قائم ہو سکے ،انہوں نے کہا کہ کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں بلدیاتی نظام جمہوری عمل کی نرسری ہے جس سے مقامی سطح پر مسائل حل کرنے کا موقع ملتا ہے اور قیادت کی نشو ونما بھی ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور جماعت اسلامی نے انتخابی مفاہمت کی تھی اس کے ذریعے اچھا بلدیاتی نظام بھی تشکیل دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :