مون سون بارشوں سے منگلاڈیم میں پانی کی سطح بلند ، دریاؤں، ندی نالوں میں طغیانی ،سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام محکمے ہائی الرٹ رہیں ،چوہدری امجداقبال

منگل 9 اگست 2016 16:50

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء)ڈپٹی کمشنرچوہدری امجداقبال نے کہاہے کہ حالیہ مون سون بارشوں سے منگلاڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے ، دریاؤں، ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے ہائی الرٹ رہیں کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ کم سے کم جانی ومالی نقصان ہوسکے۔

منگلاڈیم اور دریائے جہلم کے کنارے متوقع متاثرہ ہونے والی سول آبادی کو محفوظ مقامات پرپہنچانے کا اہتمام کیاجائے ۔ سیلابی اورہنگامی صورتحال کے پیش نظر آلارمنگ سسٹم نصب کیاجائے۔ متوقع متاثرہ علاقوں میں ویلج کمیٹیاں قائم کی جائیں ۔ محکمہ صحت، برقیات، شاہرات، ریسکیو1122 ، شہری دفاع کے رضاکاروں سمیت دیگر محکموں کے ملازمین بھی چوکس رہیں اور کسی بھی قسم کی صورتحال میں سرکاری ملازمین سول سوسائٹی کے ہمراہ موقع پرپہنچ کرامدادی کاموں کوپایاتکمیل تک پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انھوں نے مون سون کی بارشوں اورمتوقع سیلاب سے پیداہونے والی صورتحال کوکنٹرول کرنے کے سلسلہ میں اعلیٰ سطعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے سربراہان ، انتظامی افسران ، ریسکیو 1122، شہری دفاع محکمہ صحت عامہ، محکمہ جنگلات ، شاہرات سمیت دیگر افسران کے علاوہ انجمن تاجراں اورسول سوسائٹی کے نمائندہ افراد نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ جملہ متعلقہ محکمہ جات کاعملہ ہائی الرٹ رہے گا اور ضلع میں کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بروقت پہنچ کراپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ اس سلسلہ میں جن محکموں کے پاس مشنری اور دیگرساز وسامان ہے وہ اسے تیاررکھیں ۔ انھوں نے شہری دفاع اور ریسکیو1122 کوبھی ہدایات دی کہ وہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال کے سدباب کے لیے جملہ انتظامات کوحتمی شکل دے دیں۔