ڈپٹی کمشنر ملیر کی ہدایت پر ضلع ملیر میں صفائی مہم کا آغاز

منگل 9 اگست 2016 17:04

کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء)ڈپٹی کمشنر ملیر سید محمد علی شاہ کی ہدایت پر ضلع ملیر میں صفائی مہم کا آغاز کردیا گیاہے۔ ڈی سی ملیر سید محمد علی شاہ کے احکامات کے مطابق ضلع ملیر کے تمام علاقوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی صفائی مہم پوری آب و تاب کے ساتھ شروع کردی گئی ہے اور ڈی سی ملیر بذات خود ساری صفائی مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی سی ملیر کے مطابق صفائی مہم کا انعقاد ضلع کی عوام کو ایک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کی کوشش ہے جسے عوام کی مدد اور تعاون سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ ڈی سی ملیر نے مزید کہا کہ ضلع ملیر کے مختلف علاقوں میں جاری صفائی مہم در اصل ضلع بھر میں جاری ترقیاتی و تعمیری کاموں کے سلسلے کی کڑی ہے جس کے تحت تمام کچرے کے ڈھیر، ناجائز کچرا کنڈیوں اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا اورعوام کو مستقل ریلیف فراہم کرنے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جائے۔ بعد ازاں ڈی سی ملیر سید محمد علی شاہ نے صفائی مہم کا جائزہ لینے کے لئے اپنی ٹیم کے ہمراہ ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ضلعی انتظامیہ سے ملاقات کی۔