Live Updates

دھاندلی کر رٹ لگانا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے،سائرہ افضل تارڑ

دھرنے اور احتجاج ملکی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں ٗوزیر صحت

منگل 9 اگست 2016 18:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کشمیر سے کراچی تک ہر الیکشن میں ہارتی آئی ہے ، دھاندلی کر رٹ لگانا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے، دھرنے اور احتجاج ملکی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ منگل کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران خان اور پی ٹی آئی جو کر رہے ہیں کوئی محب وطن اس طرح کی سیاست نہیں کرتا، عوام ان دھرنوں اور احتجاج کی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں، لوگوں کو احتجاجی ریلیوں کی بجائے ملکی ترقی عزیز ہیں۔

میاں نواز شریف ہر لمحہ کوشاں ہیں کہ ملک میں ترقی ہو، معاشی حالات مستحکم ہوں اور امن ہو، عوام خوشحال ہوں۔ میاں نواز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت کا پہیہ مضبوط ہو گیا ہے اور ریل کا پہیہ بھی چلنے لگا ہے، ملکی حالات مزید بہتری کی طرف گامزن ہیں ، تعلیم اور صحت کے اشاریے بھی بہتر ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں بھی انشااﷲ مسلم لیگ کامیابی حاصل کرے گی۔

وزیرقومی صحت نے کہا کہ پانامہ لیکس ایشو سے متعلق ٹی او آرزطے کرنے کا معاملہ بھی جلد حل ہو جائے گا۔ ٹی او آرز کے لیے کمیٹی میں شامل اپوزیشن کے بعض ارکان اپنی پارٹی سے بالا تر ہو کر کہیں اور سے ڈکٹیشن لے رہے ہیں۔ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ میرے والد میاں افضل حسین تارڑ نے حافظ آباد کی یونین کونسل نمبر8 کولو تارڑ سے کامیابی حاصل کی تھی، پی ٹی آئی نے سیالکوٹ کے جلسے میں اس پربھی دھاندلی کے الزامات لگائے۔

سپریم کورٹ نے ان الزمات کو رد کرتے ہوئے میاں افضل تارڑ کو چیئرمین یونین کونسل 8 کولو تارڑ حافظ آباد پر بحا ل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے والوں کو جس صوبے میں میڈیٹ ملا ہے انہیں چا ہیے کہ احتجاج کی بجائے صوبے میں بھی کچھ کام کرلیں۔ عمران خان سمجھ چکے ہیں کہ وہ خیبرپختونخوا میں بھی اپنی ناقص کارکردگی کی وجہ سے آئندہ الیکشن میں کامیابی حاصل نہیں کر سکیں گے اور یہی پی ٹی آئی کی بوکھلاہٹ کا اصل سبب ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات