پاکستان پہلا ملک ہے جس کی پارلیمنٹ نے پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے متفقہ قرارداد منظور کی ہے ٗاحسن اقبال

حکومت تعلیم میں عدم مساوات کو ختم کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے ٗ وفاقی وزیر

منگل 9 اگست 2016 18:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان پہلا ملک ہے جس کی پارلیمنٹ نے پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے متفقہ قرارداد منظور کی ہے، عدم مساوات صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پوری دنیا کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے، حکومت تعلیم میں عدم مساوات کو ختم کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

منگل کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے پلاننگ کمیشن میں عدم مساوات کے حوالے سے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وژن 2025ء عدم مساوات کو ختم کرنے کے لئے ایک روڈ میپ مہیا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا حکومت تعلیم میں عدم مساوات کو ختم کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنا پاکستان کا قومی ایجنڈا ہے اور اس پر پورا ایوان متفق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکور کارڈ سے آگے بڑھ کر حل تلاش کرنے کیلئے حکومت اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ ماضی میں علاقائی اور معاشی عدم مساوات کی وجہ سے پاکستان ترقی نہیں کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام اور پالیسیوں نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کو بچانے کے لئے ہمیں اکٹھا ہونا ہے اور ملک مزید دھرنوں اور لانگ مارچ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔