قومی وطن پارٹی خواتین کومعاشرے میں باعزت مقام دلانے کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہے،سکندر شیرپاؤ

منگل 9 اگست 2016 19:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر صوبائی وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیرپاؤ اور صوبائی وزیر محنت ومعدنی ترقی انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہا ہے کہ خواتین کومعاشرے میں باعزت مقام دلانے اوران کے حقوق کا تحفظ کرنا قومی وطن پارٹی کے منشور میں شامل ہے کیونکہ معاشرے کو سدھارنے اور قوموں کو ترقی سے ہمکنار کرنے میں ان کا کلیدی کردار ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاورمیں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں معروف خاتون سیاسی و سماجی رہنما نیلم گگیانی نے اپنے عزیز و اقارب سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر سابق ممبر صوبائی اسمبلی نسرین خٹک اور عدنان وزیر کے علاوہ طارق خان، اسد آفریدی اور نازنین احمد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر سکندر حیات خان شیرپاؤ نے تقریب میں نیلم گگیانی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ قومی وطن پارٹی میں خواتین کے مسائل کو حل کرانے اور پارٹی کے منشور کے مطابق پختون قوم کی ترقی و خوشحالی کے سلسلے میں اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گی۔

سینئر وزیر نے کہا کہ قومی وطن پارٹی محروم طبقوں اور غریبوں کو ان کا حق دلانے اور پختونوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے بھرپور جدوجہد کررہی ہے اور صوبے کے پسماندہ علاقوں میں بسنے والے پختونوں کی خوشحالی پارٹی کے اہم اہداف ہیں اس لئے اس کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی جارہی ہے ۔اس سلسلے میں انہوں نے وفاقی حکومت سے بھی کہا کہ وہ چھوٹے صوبوں کے دوردراز علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل کے حل پر پوری توجہ دے کیونکہ گھمبیر مسائل کو مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہی بہتر انداز میں حل کیا جا سکتا ہے۔

تقریب میں صوبائی وزیر محنت و معدنی ترقی انیسہ زیب طاہر خیلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی وطن پارٹی کا وومن ونگ خواتین کے حقوق اور ترقی کیلئے ایک بہترین اور فعال پلیٹ فارم ہے اور یہ جماعت حقیقی معنوں میں نوجوانوں ،طلباء اور عام ورکرزکے ساتھ ساتھ خواتین کو ترقی کے دھارے میں پوری طرح پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی ساتھیوں کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط اورفعال ہو جائے گی۔ اس موقع پر نیلم گگیانی نے اظہا ر خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قومی وطن پارٹی کی عوامی خدماتاور پالیسیوں کو دیکھتے ہوئے اس میں شمولیت اختیار کی ہے اور انہیں پارٹی کے قائدین پر پورا اعتاد ہے۔

متعلقہ عنوان :