انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن کی طرف سے بارشوں سے متاثرہ 2000سے زائد مستحق خاندانوں کیلئے اشیائے خوردونوش،ادویات و دیگر ضروریات زندگی پر مشتمل 7ٹرک سامان روانہ کر دیاگیا

امدادی سامان میں آٹا ،چاول، چینی ، دالیں ، گھی و دیگر اشیاء شامل ہیں، میڈیکل ٹیمیں بھی بارش سے متاثرہ افرادکے مفت علاج کے ساتھ ساتھ انہیں ادویات مہیاء کریں گی ، ڈاکٹر جمال ناصر

منگل 9 اگست 2016 19:21

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن (آئی آئی آر او)پاکستان کی طرف سے وزیر آباد، پنڈدادنخان ،مانسہرہ اور مردان کے اضلاع میں واقع مختلف علاقوں میں بارشوں سے متاثرہ 2000سے زائد مستحق خاندانوں کیلئے اشیائے خوردونوش،ادویات و دیگر ضروریات زندگی پر مشتمل 7ٹرک سامان روانہ کر دیا .امدادی سامان میں آٹا ،چاول، چینی ، دالیں ، گھی و دیگر اشیاء شامل ہیں۔

جبکہ میڈیکل ٹیمیں بھی بارش سے متاثرہ افرادکے مفت علاج کے ساتھ ساتھ انہیں ادویات مہیا کریں گی ۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن (آئی آئی آر او)پاکستان کے زیر اہتمام امدادی سامان کی روانگی کے سلسلے میں مرکزی دفتر اسلام آبادمیں ایک پُروقارتقریب کا اہتمام کیا گیا ۔

(جاری ہے)

تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیت،’’ ن ‘‘لیگ کے رہنماء اور چیئرمین گرین ٹاسک فورس ڈاکٹر جمال ناصر مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدہ محمد عتین اور سعودی عرب سے آئے ہوئے مہمان رفیق ولید و آرگنائزیشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

یہ سامان ڈاکٹر جمال ناصر اور ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدہ محمد عتین کی نگرانی میں روانہ کیا گیا ۔ اس موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جمال ناصر نے انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن (آئی آئی آر او)کی آزمائش کی ہر گھڑی میں مسلمان بھائیوں کیلئے خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ ہو یا طوفان ، سیلاب ہو یاکسی بھی قسم کی قدرتی آفت ، تنظیم ہذاء نے ہمیشہ اپنا برادرانہ اخوت و محبت کا کرداراحسن طریقے سے ادا کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوستی اور بھائی چارے کا ایک انمول اور بے مثال رشتہ استوارہے جو وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جا رہا ہے ۔ ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدہ محمد عتین نے کہا کہ آئی آئی آر او نے ریلیف کے سلسلے میں پاکستان کو ہمیشہ سر فہرست رکھاہے یہی وجہ ہے کہ ہم نے آزمائش کی ہر گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کا ساتھ دیا ہے ۔

انہوں نے کہا ہم مسلم امہ سے اخوت و بھائی چارے کے رشتوں کومستحکم کرنے کیلئے رنگ و نسل اور مذہب سے بالاتر ہوکر خدمت انسانیہ کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔اور ہمارے لئے یہ بات بھی باعث مسرت و اطمینان ہے کہ سعودی حکومت نے بھی ہمیشہ ہمارے فلاحی کاموں میں بھرپور تعاون کو فروغ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت اور عوام پاکستانیوں کو کسی صورت تنہاء نہیں چھوڑ سکتے ۔

جب بھی کوئی مشکل آئی ، سعودی عرب کی حکومت اور عوام پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں ۔ ہم پاکستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کو ہر حالت میں یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پریشان حال لوگوں کی مدد کرناکارِ ثواب ہے ہمیں چاہئے کہ ہم اپنے مسلمان بھائیوں کی مدد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں ۔کیونکہ خدمت انسانیہ میں انسان کو جو سکون میّسر آتا ہے وہ کسی اور کام میں نہیں ملتا ۔

متعلقہ عنوان :