عالمی حالات گواہ ہیں انسانوں کا بنایا ہوا کوئی قانون دنیا کو امن و سکون نہیں دے سکتا‘ راشد نسیم

انسانیت کی حقیقی فلاح قرآن و سنت کے نظام میں ہے ،انسان زمین پر اللہ کا خلیفہ ہے ‘ نائب امیر جماعت اسلامی

منگل 9 اگست 2016 19:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و صدر تربیتی کمیٹی راشد نسیم نے کہا ہے کہ عالمی حالات گواہ ہیں کہ انسانوں کا بنایا ہوا کوئی قانون دنیا کو امن و سکون نہیں دے سکتا،دنیا بھر میں بدامنی ،دہشت گردی اور لاقانونیت نے اس بات پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے کہ انسانیت کی حقیقی فلاح قرآن و سنت کے نظام میں ہے ،انسان زمین پر اللہ کا خلیفہ ہے اور اسے اپنی خلافت ہی کا حق استعمال کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی حا کمیت کوتسلیم کرنا ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں منعقدہ جماعت اسلامی پاکستان کی تربیتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں اظہر اقبال حسن و دیگر بھی موجود تھے ۔راشد نسیم نے کہا کہ معصوم انسانوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ،یہ انسان نہیں درندے ہیں جو بے گناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں،کوئٹہ میں دہشت گردی کرنے والوں کو کسی قانون کا خوف ہوتا تو وہ کبھی لوگوں کا قتل عام نہ کرتے ۔

(جاری ہے)

آئین کی بالادستی اور قانون پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد سے بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پایا جاسکتا ہے مگر یہاں حکمران طبقہ قانون پر عمل کو اپنی توہین سمجھتا ہے اور ، قانون بے بس اور مجبور لوگوں کیلئے لوہے کے چنے اور با اختیار اور مقتدر طبقہ کیلئے موم کی ناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سوچ کو بدلنے کیلئے لوگوں کی قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق تربیت کرنے کی ضرورت ہے ،اللہ کو اپنا حقیقی حاکم ماننے والا اور روز جزا پر یقین رکھنے والا کوئی انسان اپنے کسی دوسرے بھائی کو تکلیف نہیں دے سکتا ۔

اس لئے ضروری ہے کہ ایک بار پھر انسانیت اللہ احکم الحاکمین کے قانون کی طرف لوٹے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے اور ملک میں شریعت کا نفاذ ہو تو نہ صرف معاشرے سے جرائم کا قلع قمع ہوجائے گا بلکہ ملک میں اخوت وبھائی چارے اور قومی یکجہتی وترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔

متعلقہ عنوان :