چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق ڈی ایم سی شرقی کو اسمارٹ ڈی ایم سی بنائیں گے، ذوالفقار قائم خانی

ڈی ایم سی کے تمام ممبران کے اتفاق ، ہم آہنگی اور تعاون کے ذریعے پینے کے صاف پانی کی فراہمی ،صفائی کے نظام کو مثالی بنایا جائیگا، نامزد چیئرمین ڈی ایم سی شرقی

منگل 9 اگست 2016 19:56

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن (ڈی ایم سی ) شرقی کے چیئرمین کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار ذوالفقار قائم خانی نے کہا ہے کہ وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق ڈی ایم سی شرقی کو اسمارٹ ڈی ایم سی بنائیں گے۔ بلا امتیاز عوامی خدمت ہمارا نصب العین ہوگا۔ ڈی ایم سی کے تمام ممبران کے اتفاق ، ہم آہنگی اور تعاون کے ذریعے پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور صفائی کے نظام کو مثالی بنایا جائیگا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈی ایم سی ضلع شرقی کے مختلف چیئرمینوں، وائس چیئرمینوں اور منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پی پی پی میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران ڈی ایم سی شرقی کے منتخب وائس چیئرمین کی ایک بڑی تعداد نے ضلع شرقی کیلئے پیپلز پارٹی کے نامزد چیئرمین کے امیدوار کی حمایت کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

عوام کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے ڈی ایم سی ضلع شرقی کے چیئرمین کے لئے ایسے امیدوار کی حمایت کا تہیہ کر لیا ہے جو کراچی کے امن کے فروغ اور نفرت کی سیاست کے خاتمے کیلئے ہمیشہ متحرک رہا ہو۔ بلدیاتی اداروں سے گھوسٹ ملازمین اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کرے اور ایسا ماحول فراہم کرے جس میں بلدیاتی اداروں کے تمام ملازمین اور منتخب نمائندے ہم آہنگی و اتفاق کے ساتھ عوامی خدمت میں بھرپور کردار ادا کریں۔ ذوالفقار قائم خانی نے کہا کہ وہ ماضی کے گڑھے مردے نکالنے کے بجائے مستقبل کی طرف دیکھیں گے تاکہ کراچی کی ڈی ایم سی شرقی حقیقی معنوں میں ا سمارٹ دی ایم سی بن سکے۔