ملک میں امن و امان کی بہتری اور دہشت گردی کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں ‘ رفیق رجوانہ

کوئٹہ کا سانحہ ایک افسوسناک واقعہ ہے ، ہمیں دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا‘ گورنر پنجاب کی گفتگو

منگل 9 اگست 2016 20:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کی بہتری اور دہشت گردی کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں ،کوئٹہ کا سانحہ ایک افسوسناک واقعہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، ہمیں دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک مقامی ہوٹل لاہور میں میڈیا گروپ کے زیر اہتمام ایجوکیشن اینڈ کیرئیر ایکسپو 2016 کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ایجوکیشن اینڈکیرئیرایکسپو کی تقریب میں65یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا اور مختلف سٹالز لگائے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ گذشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ سے پورے ملک کی سرگرمیاں مانند پڑ گئی ہیں لیکن دہشت گرد پاکستانی قوم کے حوصلوں کو شکست نہیں دے سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس سلسلے میں افواج پاکستان کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کے لئے تمام اداروں کو مل کر اسی جذبے کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ان عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے جو منفی سرگرمیوں کے ذریعے ملک میں جاری ترقی کا عمل روکنا چاہتے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی کا شکار ہونے کے باوجود ہمارا ملک ہر شعبہ زندگی میں نمایاں کردار ادا کررہا ہے بالخصوص تعلیمی شعبے میں ہمارے ملک کے طلباء و طالبات کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کی نوجوان نسل کو معیار تعلیم کی بہتری اور انہیں جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے تاکہ وہ پڑھ لکھ کر ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی میں اپناکردار ادا کرسکیں۔

اس موقع پرگورنر پنجاب نے طلبا و طالبات کی جانب سے لگائے گئے مختلف سٹالز کا بھی دورہ کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے خاص طور پر سی ای او لیڈرشپ کالج اینڈ سکولز کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی نمائشوں کے انعقاد سے نوجوان طلبا ء کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔