سندھ حکومت شہر کا کچرہ اور صنعتی فضلہ کو ٹھکانے لگانے کے لئے مقامات کی نشاندہی کرنے والی اتھارٹی قائم کرے گی، وزیر بلدیات سندھ

منگل 9 اگست 2016 21:24

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) سندھ حکومت صوبے میں ایک ایسی اتھارٹی قائم کررہی ہے جو کہ ماحولیاتی لحاظ سے جائزہ لے کر ایسے مقامات کی نشاندہی کرے گی جہاں شہر کا کچرہ اور صنعتی فضلہ کو ٹھکانے لگایا جائے گا اور کسی کو بھی ان مخصوص مقامات کے علاوہ کچرہ اور کوڑاکرکٹ وغیرہ پھینکنے کی اجازت نہیں ہوگی۔یہ بات صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے منگل کو سرکٹ ہاؤس میں انتظامیہ ،محکمہ بلدیات اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس کرنے،شہرمیں بارشوں کے سبب پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے اور بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر صوبائی حکومت میرپورخاص شہر کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ دینے پر غور کریگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرپورخاص شہر میں پینے کے پانی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے موئثر اقدامات کئے جائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ میرپورخاص شہر کیلئے مزید ٹریکٹر،ٹرالیاں اور دیگر گاڑیاں فراہم کی جا ئیں گی اور فائر بریگیڈ کی موجودہ گاڑی کی مرمت کروائی جائے گی ۔

صوبائی وزیر نے کمشنر میرپورخاص کو ہدایت کی کہ میرپورخاص ڈویژن میں محکمہ بلدیات کو درپیش مسائل اور ان کی ضروریات مبنی ایک تفصیلی رپورٹ انہیں فوری طو رپر ارسال کریں تاکہ اس ضمن میں اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے محکمہ بلدیات کے کنسلٹنٹ شفیع محمد لاکھو کو ہدایت کی کہ میرپورخاص شہر میں نکاسی آب کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے قابل عمل ہونے کی رپورٹ 15روز میں تیار کریں ۔

جام خان شورو نے کہا کہ صفائی کے عملے کی کمی کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈیلی ویجز پر عملہ مقر ر کیاجائے اور صفائی کیلئے مقرر عملے کو ڈیوٹی پر پابند بنایا جائے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر کو میرپورخاص میونسپلٹی کے د رپیش مسائل بشمول اخراجات ،آمدنی ،پینے کے پانی، نکاسی آب ،صفائی اور گاڑیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ میرپورخاص شہر کے47وارڈ میں صفائی کے عملے کی مجموعی تعداد 351ہے جن میں سے57ملازم مسلمان ہیں۔

صوبائی وزیر نے بعد میں عمرکوٹ روڈ نالہ، لالچند آباد، جمناداس اورشہر کے دیگر علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے نکاسی آب ،صفائی اور تجاوزات ہٹانے کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سینیٹر ہری رام کشوری لال، ایم پی ایز نوراحمد بھرگڑی، خیرالنساء مغل، کمشنر شفیق احمد مہیسر اوردیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :