نئے وزیر اعلی کے کراچی کی صفائی کے احکامات کارگر ثابت

کراچی کے مضافاتی علاقوں میں کچرا اٹھانے والی گاڑیاں نظر آنے لگیں،بلدیاتی اداروں کے ایڈمنسٹریٹرزنے صفائی پر معمور عملے کی فہرست طلب کر لی

منگل 9 اگست 2016 21:25

نئے وزیر اعلی کے کراچی کی صفائی کے احکامات کارگر ثابت

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) سابق وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ کے تین مرتبہ احکامات کو نظر انداز کرنے والے بلدیاتی ادارے نئے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے احکامات کے سامنے آہنی دیوار بننے سے قاصر نظر آرہے ہیں،گزشتہ دن دئیے گئے احکامات جس میں اڑتالیس گھنٹوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کو درست کرنے کا کہا گیا تھا اس کے مثبت نتائج ظاہر ہوئے ہیں ،پہلے دن لانڈھی،کورنگی،منظور کالونی،محمودآباد،لائینز ایریا،اولڈ سٹی ایریاز،لیاقت آباد،نیو کراچی ،اورنگی ٹاؤن سمیت دیگر مضافاتی علاقوں سے کچرا اٹھتا نظر آنے پر شہریوں کو خوش گوار حیرت ہوئی،کراچی کی تمام ضلعی بلدیات کے ایڈمنسٹریٹرز نے اپنے ضلعوں کے اعتبار سیصفائی پر معمور تمام عملے کی فہرست طلب کر لی ہے جس کی مکمل جانچ پڑتال کیجارہی ہے ایسے تمام مسلم وغیر مسلم سینیٹری اسٹاف جو اپنی ڈیوٹیوں پر حاضر نہیں ہیں انکے خلاف کاروائی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں اطلاعات کے مطابق وزیر اعلی سندھ کے سخت احکامات کو ضلعی بلدیاتی ادارے خاص اہمیت دے رہے ہیں جس کیوجہ کسی قسم کی رعایت کا نہیں دیا جانا ہے،اسوقت بلدیاتی اداروں سمیت سندھ کے دیگر محکموں میں واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ افسران وملازمین کی کارکردگی کو سختی سے مانیٹر کیا جائے غیر ضروری اور فرائض میں غفلت برتنے والوں کو فوری طور پر فارغ کر دیا جائے اور ضروری سروسز کے محکمات میں متحرک افسران وملازمین کو تعینات کیا جائے اس امر کو سامنے رکھتے ہوئے سندھ حکومت اور بلدیاتی افسران وملازمین میں پرفارمنس دکھانے کا رحجان نظر آرہا ہے۔