اوگرا نے سندھ میں سی این جی کی کلو کے بجائے لیٹر میں فروخت کا نوٹس لے لیا

سندھ میں سی این جی کی قیمت کا تعین کرنا ایسوسی ایشن کا اختیار نہیں ، ایسوسی ایشن کلوگرام کوبذات خودلیٹرمیں بھی تبدیل نہیں کر سکتی،ممبرگیس اوگرا پنجاب میں سی این جی کی قیمتیں ڈی ریگولیٹڈ ہیں، منظوری ای سی سی نے دی ہے، ڈی ریگولیشن کی منظوری صرف ایل این جی کیلئے دی گئی تھی،عامر نسیم

منگل 9 اگست 2016 21:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) اوگرا نے سندھ میں سی این جی کی کلو کے بجائے لیٹر میں فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ سی این جی ایسوسی ایشن کو خط لکھاہے۔اوگرا نے اپنے خط میں موقف اختیار کیاہے کہ مقامی گیس لٹر میں فروخت نہیں کی جاسکتی،مقامی گیس ڈی ریگولیٹڈ نہیں ہے، مقامی گیس کی قیمتوں کا تعین اوگرا کرتاہے،جبکہ سی این جی ایسوسی ایشن سندھ کا دعوی ہے کہ اوگرا نے ہمیں کوئی خط نہیں لکھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سندھ کی سی این جی ایسوسی ایشن تین دن سے گیس کلو سے لیٹر میں تبدیل کر کے بیچ رہی ہے۔ممبر گیس اوگرا عامر نسیم نے میٖڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں سی این جی کی قیمت کا تعین کرنا ایسوسی ایشن کا اختیار نہیں ہے، ایسوسی ایشن کلوگرام کوبذات خودلیٹرمیں بھی تبدیل نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سی این جی کی قیمتیں ڈی ریگولیٹڈ ہیں، جس کی منظوری ای سی سی نے دی ہے، ڈی ریگولیشن کی منظوری صرف ایل این جی کے لیے دی گئی تھی۔عامر نسیم نے کہاکہ سندھ کے سی این جی اسٹیشن ایل این جی استعمال نہیں کرتے،مقامی گیس کی قیمتوں کے تعین کا اختیار اوگرا کو ہے۔