حکمران امریکہ اور بھارت کے بارے میں نرم رویہ ترک کردیں، عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے،مولانا عبدالقادر لونی

منگل 9 اگست 2016 21:38

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے مرکزی قائم مقام امیر مولانا عبدالقادر لونی نے کوئٹہ سول ہسپتال میں خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے بار ایسوسی ایشن کی جانب سے 7روزہ سوگ اور آج ہونے والی شٹرڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو جمعیت نظریاتی کے ضلعی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سید عبدالستار شاہ چشتی، مولانا محمودالحسن قاسمی، قاری مہراﷲ اور نور اﷲ جان کاکڑ سمیت دیگر بھی موجود تھے،انہوں نے کہا کہ کوئٹہ جو امن کا گہوارہ تھا اور آج بھی یہاں پر مختلف قومیں ایک دوسرے کے احترام کے اصولوں کے مطابق زندگی بسر کررہی ہیں سول ہسپتال واقعہ نے پورے کوئٹہ کو غمزدہ کردیا ہے، معروف قانون دان بلال انور کاسی کی ٹارگٹ کلنگ اور اس کے بعد سول ہسپتال میں دھماکے سے صوبے کے سینئر وکلاء ، صحافی اور بیگناہ شہری جاں بحق ہوئے،یہ کام ایک ایسی قوت کا ہے جس کے دل میں ذرا بھی ایمان نہ ہو یہ کام ملک ، صوبے اور انسانیت کے دشمنوں کا ہے، جمعیت علماء اسلام نظریاتی طویل عرصے سے ان خدشات کا اظہار کرتی رہی ہے کہ افغانستان میں ہماری سرحدوں کے قریب ’’را ‘‘موجود ہے، جبکہ امریکہ بھی ہمارا دشمن ہے، سی پیک دشمنوں کے نشانے پر ہے مگر وزیراعظم میاں نوازشریف بھی اسے ناکام بنانا چاہتے ہیں سی پیک کا مطلب مغربی راہداری ہے جس پرفوراً کام ہونا چاہئے بھارت نے کشمیر میں دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مرد، خواتین اور بچوں تک کو نہیں بخشا، سانحہ سول ہسپتال نے پوری انسانیت کو ہلا کر رکھ دیا ہے، سینئر وکلاء جو بلوچستان کا اثاثہ ہونے کے ساتھ ساتھ صوبے میں نہایت اہم کردار ادا کررہے تھے ان کو نشانہ بنایا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکمران امریکہ اور بھارت کے بارے میں نرم رویہ ترک کردیں، ہم اپنے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے،آج کی شٹر ڈاون کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم وکلاء اور شہریوں کے ساتھ ملکر دہشت گردی کے خلاف لڑتے رہیں گے اور ہم تمام غیر ملکی ایجنڈوں پر یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اس جدوجہد میں ہم سب ساتھ ہیں اس موقع پر انہوں نے بار ایسوسی ایشن کی جانب سے 7روزہ سوگ اور آج ہونے والے شٹرڈاؤن کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :