پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں گلگت بلتستان کو حصہ دیا جائے، 3 اقتصادی زون مختص ، عوام کے تحفظات دور کئے جائیں ، سینٹ میں گلگت بلتستان کی عوام کا نمائندہ بن کر کام کروں گا ، پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی ریاست بنائے بغیر ترقی نہیں کر سکتے ہیں ،ملک سے سودی نظام، انگریزوں کا نظام انصاف اور بڑھتی ہوئی فحاشی اور بے حیائی کو ختم کرنا ہمارا اولین مقصد ہے ، ملک میں اسلامی نظام سے عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کیا جاسکتا ہے، خلافت راشدہ کا طرز خلافت ہی ہماری منزل ہے

امیر جماعت اسلامی پاکستان و سینیٹر سراج الحق کا ’’ عزم آزادی کشمیر ‘‘ کانفرنس سے خطاب

منگل 9 اگست 2016 21:42

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان و سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں گلگت بلتستان کو حصہ دیا جائے، یہاں تین اقتصادی زون مقرر کیے جائیں ،یہاں کی عوام کے تحفظات کو دور کیا جائے ، سینٹ میں گلگت بلتستان کی عوام کا نمائندہ بن کر کام کروں گا ، پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی ریاست بنائے بغیر ترقی نہیں کر سکتے ہیں ،ملک سے سودی نظام، انگریزوں کا نظام انصاف اور بڑھتی ہوئی فحاشی اور بے حیائی کو ختم کرنا ہمارا اولین مقصد ہے۔

ملک میں اسلامی نظام سے عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کیا جاسکتا ہے، خلافت راشدہ کا طرز خلافت ہی ہماری منزل ہے۔ وہ یہاں منگل کے روز جماعت اسلامی کے زیر اہتمام منعقد ’’ عزم آزادی کشمیر ‘‘ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ابھی تک حقیقی آزای نہیں ملی ہے۔

(جاری ہے)

ملک میں انگریزوں کا دیا ہوا نظام انصاف رائج ہے۔

جسے ختم کرکے قرآن کے مطابق عدل و انصاف ہوناچاہیے۔ حکمرانوں نے 68 سال برباد کر دیے ہمارا مقصد اور جددوجہد اسلامی پاکستان کیلئے ہے ۔ اسلامی پاکستان امت مسلمہ ، ملک کی عوام اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی ضرورت ہے۔ اگر اﷲ تعالیٰ نے مجھے اختیار دیا تو ملک سے سودی نظام کا سب سے پہلے خاتمہ کرونگا اور چیف جسٹس کے کئے گئے فیصلوں کیلئے قرآن پاک ہو گا۔

سراج الحق نے کہاکہ اسلام امن و محبت کا درس دیتا ہے ۔ اسلام دہشت گرد نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیری مسلمانوں پر ظلم کر رہا ہے اور حکمرانوں سمیت سیاسی جماعتیں خاموش ہیں صرف جماعت اسلامی کشمیری مسلمانوں کیلئے آواز اٹھا رہی ہے۔ 15 اگست کو مظفر آباد سے چکوٹھی تک لانگ مارچ کریں گے۔ وزی ر اعظم پاکستان نے پانامہ لیکس کے مسئلے پر 3 مرتبہ قوم سے خطاب کر کے اپنی صفائی بیان کی لیکن ایک مرتبہ بھی مظلوم کشمیری عوام کیلئے قوم سے خطاب نہیں کیا۔

ہم کشمیر کی آزادی کیلئے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ گلگت بلتستان میں اہم سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں گلگت ‘ غذر روڈ ‘ گلگت سکردو روغڈ اور استور شونٹر روڈ کو سی پیک میں شامل کیاجائے۔ عزم آزادی کشمیر کانفرنس سے عبدالرشید ترابی‘ مولانا عبدالسمیع ‘ مشتاق ایڈووکیٹ اور مولانا سلطان رئیس نے بھی خطاب کیا