سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا مختلف ٹی وی چینلز پر معزز اراکین پارلیمنٹ کے خلاف نازیبا کلمات اور بہتان تراشی کا نوٹس، چیئرمین پیمرا سے شکایت

منگل 9 اگست 2016 22:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی، سردار ایاز صادق نے مختلف ٹی وی چینلز پر معزز اراکین پارلیمنٹ کے خلاف نازیبا کلمات کہنے اور بہتان تراشی کرنے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین پیمرا ابصار عالم سے شکایت کی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے اپنی شکایت میں کہاہے کہ ایسے چینلز، اینکرز اور تبصرہ نگاروں کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے جو کہ اراکینِ پارلیمنٹ پر بہتان تراشی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

شکایت میں مزید کہاگیا ہے کہ اراکینِ پارلیمنٹ آئین پاکستان اور قومی سلامتی کے تحفظ کا حلف اٹھاتے ہیں اور اْن کو ٹی وی چینلز پر غدار قرار دینا یا دلوانا نہ صرف آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے بلکہ پارلیمنٹ کی بھی توہین ہے، اور اس طرح کی بہتان تراشی کا حق نہ ہی کسی ٹی وی چینل کے پاس ہے ، نہ ہی کسی اینکر کے پاس اور نہ ہی کسی تبصرہ نگار کے پاس۔ اْنہوں نے چیئر مین پیمرا سے کہا ہے کہ ایسے ٹی وی چینلز کے مالکان، اینکرز اور تبصرہ نگاروں کے خلاف پیمرا قوانین کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے اورپارلیمنٹ کو کاروائی سے مطلع کیا جائے۔