Live Updates

وزیراعلیٰ پنجا ب کی سی ایم ایچ میں سانحہ کوئٹہ کے زخمیوں کی عیادت

بلوچستان کے وزیراعلیٰ سے ملاقات،شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی ،زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا وزیراعلیٰ پنجاب نے ثناء اﷲ زہری کو شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے ساڑھے7 کروڑروپے کا چیک دیا میرا ایمان ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو دنیا اور آخرت میں عبرتناک انجام کا سامنا کرنا پڑے گا، پنجاب حکومت سانحہ کے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے سب کچھ کرنے کو تیار ہے ، شہداء کے بچے اگر چاہیں تو انہیں پنجاب میں تعلیم اور ان کے دیگر اخراجات برداشت کرنے کے لئے بھی تیار ہیں، شہباز شریف کی پیشکش

منگل 9 اگست 2016 22:16

لاہور/کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کوئٹہ گئے اورسی ایم ایچ کوئٹہ میں سانحہ کوئٹہ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کوئٹہ میں بلوچستان کے وزیراعلیٰ ثناء اﷲ زہری سے ملاقات کی اورشہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے ساڑھے سات کروڑروپے(75ملین روپے) کا چیک دیااور ہر طرح کی مدداورعلاج معالجے کی پیشکش کی۔وزیر اعلی نے کہا کہ دہشت گرد دھرتی کا ناسور ہیں اور ہم سب نے ملکر پاک دھرتی سے اس لعنت کو پاک کرنا ہے- میرا ایمان ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو دنیا اور آخرت میں عبرتناک انجام کا سامنا کرنا پڑے گا-اس سانحہ میں جو چلے گئے ہیں انہیں واپس نہیں لایا جا سکتا لیکن پنجاب حکومت سانحہ کے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کے لئے سب کچھ کرنے کے لئے تیار ہے - شہداء کے بچے اگر چاہیں تو انہیں پنجاب میں تعلیم اور ان کے دیگر اخراجات برداشت کرنے کے لئے بھی تیار ہیں - وزیر اعلی نے کہا کہ میں نے زخمیوں کے علاج معالجے کیلئے پنجاب حکومت کو ہدایات جاری کر دی ہیں اور اس ضمن میں اگر زخمیوں کو پنجاب منتقل کرنا ہو تو اس کے لئے بھی ہر ممکن مدد کریں گے - انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ پر پنجاب میں سوگ کا سما ں ہے اور کوئٹہ کا دکھ پورے پاکستان کا دکھ ہے - ایک بھی انسانی جان کا ضائع ہونا المیہ ہے - دہشت گردوں نے کئی قیمتی ہیرے ہم سے چھین لئے ہیں جن میں ہمارے نامور وکیل، صحافی ، ڈاکٹرز اور سیکورٹی اہلکار شامل ہیں-وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اﷲ زہری نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کے حوصلے بلند ہیں اور ہم پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی آمد پر ان کے شکرگزار ہیں اوران کی یہاں آمد سے ہمارے حوصلے بڑھے ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب کو ہم نے ہمیشہ اپنے ساتھ کھڑا پایا ہے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف کے دل میں اہل بلوچستان کے لئے جو درد اوراحساس ہے ہم اس کی دل سے قدر کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف حتمی جنگ جاری ہے اورہمیں اس جنگ کو ہر صورت جیتنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں دہشت گردوں نے معصوم اور بے گناہ لوگوں کا خون بہایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ دھماکے کا واقعہ ایک قومی سانحہ ہے،جس پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔معصوم لوگوں کے بہنے والے خون سے پوری قوم رنجیدہ ہوئی ہے۔پوری قوم کی ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ دہشت گردوں کا نہ کوئی دین ہے نہ مذہب، یہ انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں پر ظلم ڈھانے والے انسان کہلانے کے حقدار نہیں۔

بربریت کا مظاہرہ کرنیوالے سفاک درندے ہیں اوردھرتی کا بوجھ ہیں۔یہ بدبخت وحشی اس قابل ہیں کہ انہیں رہتی دنیا تک نشان عبرت بنادیا جائے۔ قوم کے غیر متزلزل عزم اور اتحاد کی قوت سے دہشت گردوں کو شکست فاش دیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پاک دھرتی کا بوجھ ہیں جن کا مکمل خاتمہ کرکے دم لیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضرب عضب سے دہشت گردوں پر کاری ضرب لگی ہے اوراب اسے آگے بڑھانا ہے۔

آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی اورپاک سر زمین کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرکے دم لیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کے دورہ کے دوران زخمیوں کی عیادت کی ، زخمیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔وہ ایک ایک زخمی کے پاس گئے اوران کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو پھول بھی دیئے۔

اس موقع پر زخمیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی طرف سے آپ کیلئے یکجہتی کا پیغام اورہمدردی کے جذبات لیکرآیا ہوں۔پنجاب میں ہر آنکھ آپ کیلئے اشکبار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ نے آپ کونئی زندگی دی ہے،اس پر جتنا بھی شکرادا کریں کم ہے۔وزیراعلیٰ نے دیگر وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی بھی عیادت کی اوران کی خیریت دریافت کی۔

ہسپتال میں زیر علاج مریضوں نے شہبازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔ہمیں یقین تھا کہ شہبازشریف ہماری عیادت کے لئے ضرورآئیں گے۔آپ کی آمد سے ہمارے حوصلے بڑھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف صرف پنجاب کا ہی نہیں ہمارا بھی ہے۔زخمی ایڈووکیٹ حبیب الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف جیسا رحم دل انسان ہم نے کم ہی دیکھا ہے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف جب کوئٹہ پہنچے تو ائیر پورٹ پر بلوچستان کے وزیراعلیٰ ثناء اﷲ زہری اور بلوچستان کے صوبائی وزراء بھی موجودتھے۔صوبائی وزیر رانا مشہود احمد اورایم پی اے جہانگیر خانزادہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کے ہمراہ تھے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات