کوئٹہ کا دھماکہ ہمارے دشمن کی بزدلانہ شیطانی حرکت ہے ، اب یہ پاکستان کے سیکورٹی اداروں اور حکومت کا امتحان ہے کہ وہ دشمن کے اس خونخوار چہرے کو عالمی برادری کے سامنے کس طرح بے نقاب کرتے ہیں

نائب امیر جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس کا تربیتی ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب

منگل 9 اگست 2016 22:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے منصورہ میں کارکنان کی تربیتی ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ کا دھماکہ ہمارے دشمن کی بزدلانہ شیطانی حرکت ہے۔ اب یہ پاکستان کے سیکورٹی اداروں اور حکومت کا امتحان ہے کہ وہ دشمن کے اس خونخوار چہرے کو عالمی برادری کے سامنے کس طرح بے نقاب کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک عظیم نعمت اور اسلام کا قلعہ ہے۔ اسلام دشمن ، پاکستان مخالف قوتیں اس کو منہدم کر نا چاہتی ہیں۔پاکستان کی حفاظت اﷲ کر رہا ہے اور پاکستان کے محبت وطن و محب اسلام تمام شہری بھی اس کا دفاع کرنے کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا دشمن انشاء اﷲ ناکام ہوگا اور پاکستان اپنے مقاصد کے حصول کی طرف بڑھتا رہے گا۔

(جاری ہے)

ہماری منزل اسلامی پاکستان اور خوش حال پاکستان ہے۔ حافظ محمد ادریس نے کہاکہ ہمیں اپنے دشمنوں کوشکست دینے کے لیے اپنے ملک کے نظام سے کرپشن ، اقرباپروری اور قرضے معاف کرانے کی مجرمانہ حرکتوں کا سدباب کرناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاک چائنہ کوری ڈور پاکستان چین اور پورے خطے کے دیگر ممالک کے لیے خوشحالی کے دروازے کھول دے گا۔ ہمیں مل کر سی پیک کے خلاف دشمن کی سازشوں کو ناکام بناناہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہم تمام شہدائے کوئٹہ کے لیے مغفرت اور زخمیوں کے لیے شفائے کاملہ کی دعا کرتے ہیں۔ ہماری ہمدردیاں مظلوم خاندانوں کے ساتھ ہیں۔