کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی شدید اور مسلسل خلاف ورزیوں کی روک تھام کیلئے کوششیں کی جائیں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدآمد کیا جائے جن میں منصفانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینے کیلئے کہا گیا ہے، بھارتی قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی حالیہ خلاف ورزیوں کے باعث 50 سے زائد افراد شہید، 3500 زخمی ہو چکے ہیں جن میں سے 400 کی حالت نازک ہے، فائرنگ سے بہت سے معصوم کشمیریوں کی آنکھیں ضائع ہوئیں، اس بربریت کا دانستہ مقصد کشمیریوں کو مستقل زخمی کرنا ہے، بھارت کا یہ ظلم و ستم ناقابل قبول ہے

وزیراعظم محمد نواز شریف کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خط

منگل 9 اگست 2016 22:54

اسلام آباد ۔ 9 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔9 اگست ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق پرنس زید راد الحسین کو خطوط لکھتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی شدید اور مسلسل خلاف ورزیوں کی روک تھام کیلئے کوششیں کی جائیں۔ وزیراعظم نے ان پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدآمد کیا جائے جن میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ایک منصفانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینے کیلئے کہا گیا ہے۔

وزیراعظم نے بھارتی قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 50 سے زائد افراد شہید، 3500 زخمی ہو چکے ہیں جن میں سے 400 کی حالت نازک ہے، فائرنگ سے بہت سے معصوم کشمیریوں کی آنکھیں ضائع ہوئیں، اس بربریت کا دانستہ مقصد کشمیریوں کو شدید مستقل زخمی کرنا ہے، بھارت کا یہ ظلم و ستم ناقابل قبول ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ ماورائے عدالت ہلاکتوں پر پرامن احتجاج کرنے والے بے گناہ شہریوں کے خلاف طاقت کا غیر قانونی اور وحشیانہ استعمال بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹروں میں خوف و ہراس پیدا کرنے اور طبی سہولیات کی روک تھام کیلئے ہسپتالوں تک رسائی روکنے کیلئے طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے، یہ صورتحال کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد دبانے کیلئے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی مظہر ہے۔ وزیراعظم نے بھارتی قابض افواج کے ظلم و بربریت کی تحقیقات کرنے، کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ، برہان مظفر وانی کے بے رحمانہ قتل کی تحقیقات اور جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد پر زور دیا۔