گلگت بلتستان کے وسائل پر وہاں کے عوام کا حق ہے ، کسی کو عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے ،علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے دیامراور بونجی ڈیم فوری تعمیر کیے جائیں ،پاک چائنہ کوری ڈور میں اس علاقے کو بھی شامل کیا جائے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو باہم مربوط کر کے آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنائیں گے

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا گلگت میں آزادی کشمیر کانفرنس سے خطاب

منگل 9 اگست 2016 23:04

لاہور/گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ گلگت بلتستان کے وسائل پر وہاں کے عوام کا حق ہے ، کسی کو عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے دیامراور بھونجی ڈیم فوری تعمیر کیے جائیں اور پاک چائنہ کوری ڈور میں اس علاقے کو بھی شامل کیا جائے ۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو باہم مربوط کر کے آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنائیں گے ۔ وہ منگل کو یہاں گلگت میں آزادی کشمیر کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ کانفرنس سے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی نے بھی خطا ب کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی پشت پر کھڑے ہیں ہم سید علی گیلانی سمیت حریت قیادت کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ پاکستانی قوم آزادی کشمیر کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ رہے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم نے اسلا م آباد میں آل پارٹیز کانفرنس میں تمام جماعتوں کو ایک ایجنڈے پر متفق کیاہے ، اور ہم اس ایجنڈے کی روشنی میں عالمی سطح پر کشمیر کاز کو اٹھائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے تمام سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر کشمیریوں کا ساتھ دینے کا عہد کیاہے ۔ کشمیر کی آزادی اب نوشتہ دیوار ہے ۔ بھارت طاقت اور بندوق کے زور پر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کر سکا ، کشمیری میں ہماری مائیں ، بہنیں بیٹیاں اور معصوم بچے شہادت پیش کررہے ہیں وہ ہمارے خاندان کا حصہ ہیں ہم ان کو کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑ سکتے ۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی کے راستے میں انگریز کا چھوڑا ہوا جاگیردارانہ نظام بڑی رکاوٹ ہے ۔ جماعت اسلامی، اسلامی و خوشحال پاکستان کے جس ایجنڈے کو لے کر چل رہی ہے اس میں جاگیرداروں ، سرمایہ داروں اور وڈیروں کاکوئی مستقبل نہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کوئٹہ کو خون میں نہلانے والوں کا سراغ لگانا حکومت اور سیکورٹی اداروں کو اولین ترجیح بناناچاہیے ۔

دشمن ہمارے شہروں کو تباہ کر رہاہے ۔دہشتگردی کی اس گھناؤنی واردات میں بھارت کا ہاتھ خارج از امکان نہیں بھارتی تخریب کاروں کا نیٹ ورک بلوچستان اور کراچی میں پہلے سے موجود ہے جس کی نشاندہی سیکورٹی ادارے کئی بار کرچکے ہیں مگر ہماری حکومت ہمیشہ ٹال مٹول سے کام لیتی ہے اور امریکی دباؤ پر بھارت کے خلاف زبان کھولنے کے لیے تیار نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ قوم اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئی ہے ۔

ہر روز دہشتگردی کے خاتمے کے بڑے بڑے دعوے کیے جاتے ہیں مگر تخریب کار دوبارہ کوئی بڑی واردات کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبے پر پور ی قوم متفق و متحد ہے اگر دشمن اس منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے معصوم شہریوں کا قتل عام کررہاہے تو ہمیں دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے قومی یکجہتی کو فروغ دیناہوگا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر عبدالرشید ترابی نے کہاکہ جماعت اسلامی کشمیر کی آزادی کی تحریک میں پہلے دن سے پیش پیش رہی ہے ۔ ہم گلگت بلتستان کے حقوق کی جنگ بھی لڑیں گے اور عوام کو ان کے چھینے گئے حقوق واپس دلا کر رہیں گے ۔