انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چوتھا اور آخری ٹیسٹ کل شروع ہوگا

بدھ 10 اگست 2016 12:44

لندن ۔ 10 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 اگست۔2016ء) انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ کل جمعرات سے اوول، لندن میں شروع ہوگا۔ میزبان ٹیم انگلینڈ کو چار میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔ لارڈز لندن میں پاکستان نے 75 رنز سے فتح حاصل کی تاہم مانچسٹر میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے 330 اور برمنگھم میں 141 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کل جمعرات سے اوول میں شروع ہوگا۔ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 24 اگست کو ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائیگا، دوسرا ون ڈے میچ 27 اگست کو لارڈز میں میں کھیلا جائیگا، تیسرا ون ڈے میچ 30 اگست کو نوٹنگھم میں میں کھیلا جائیگا، چوتھا ون ڈے میچ یکم ستمبر کو ہیڈ نگلے میں میں کھیلا جائیگا اور پانچواں اور آخری ون ڈے میچ 4 ستمبر کو کارڈف میں کھیلا جائیگا۔

(جاری ہے)

سیریز کا واحد ٹی ٹونٹی میچ7 ستمبر کو مانچسٹر میں کھیلا جائیگا۔ واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم دورہ کے دوران آئرلینڈ کے خلاف بھی دو ون ڈے میچز کھیلے گی، پہلا ون ڈے میچ 18 اگست کو کھیلا جائیگا۔ آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن میں ہی دوسرا ون ڈے میچ 20 اگست کو کھیلا جائیگا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین دنیا کی مختلف کرکٹ گراؤنڈز میں اب تک ہونے والے ٹیسٹ میچز میں انگلینڈ کی ٹیم کا پلڑا بھاری ہے۔

دونوں ٹیموں کے مابین 1954ء سے لے کر 2016ء تک 80 ٹیسٹ میچز کھیلے جاچکے ہیں جس میں پاکستان کی ٹیم نے 19میں کامیابی حاصل کی 24 میں شکست ہوئی اور 37 میچز ڈرا ہوئے۔ دونوں ٹیموں کے مابین انگلینڈ کی سر زمین پر اب تک 50 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے جس میں پاکستان نے 10میں کامیابی حاصل کی اور 22 میں شکست کھائی اور 18میچز ڈرا ہوئے۔ مصباح الحق کا بطور کپتان انگلینڈ کے خلاف ریکارڈ بہت اچھا ہے۔ ان کی قیادت میں اب تک انگلینڈ کے خلاف 9 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے جس میں سے پاکستان نے6 ٹیسٹ میچز جیتے 2 ہارے اور ایک برابر ہوا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین چار ٹیسٹ میچز کی سیریز کا چوتھا اور آخری میچ جمعرات سے لندن میں شروع ہوگا۔

متعلقہ عنوان :