سعودی عرب نے برلن کو دہشت گرد حملوں سے بچا یا،جرمنی

بدھ 10 اگست 2016 13:06

سعودی عرب نے برلن کو دہشت گرد حملوں سے بچا یا،جرمنی

برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 اگست۔2016ء) جرمنی کی حکومت نے ملک میں دہشت گردی کے متعدد واقعات کو وقوع پذیر ہونے سے روکنے میں معاونت پر سعودی عرب کے کردار کی تحسین کی ہے اور کہا ہے کہ ریاض کی طرف سے فراہم کردہ انٹیلی جنس معلومات نے جرمنی کو دہشت گردی کی خوفناک سازشوں سے بچانے میں مدد کی ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق جرمن وزارت خارجہ کہ ترجمان سوسن شبلی نے برلن میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے فراہم کردہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ہمارے اداروں نے کارروائیاں کرکے دہشت گردی کی کئی سازشیں ناکام بنائیں اور ملک کو دہشت گردی کے خوف ناک حملوں سے بچایا ہے۔

قبل ازیں سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے بھی ریاض میں ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کے ملک نے جرمنی کو دہشت گردی کی کارروائیوں سے متعلق اہم معلومات فراہم کی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نے جرمنی کو شدت پسند تنظیم ”داعش“ سے وابستہ ایک جنگجو کے بارے میں معلومات فراہم کی تھیں جو سماجی رابطے کی ویب سائیٹس کے ذریعے سرگرم تھا جس کا موبائل نمبر سعودی عرب میں رجسٹر تھا۔

اخبار ”الشرق الاوسط“ سے بات کرتے ہوئے جنرل منصور الترکی کا کہنا تھا کہ جرمنی کو دہشت گردوں کے بارے میں حساس معلومات کی فراہمی دونوں ملکوں کے درمیان انسداد دہشت گردی کے لیے جاری جنگ میں باہمی تعاون کاحصہ ہے۔ دونوں دوست ملک ایک دوسرے سے دہشت گردی کی کارروائیوں کے بارے میں اہم معلومات کا تبادلہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے عالمی اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔

ادھر جرمن وزارت خارجہ کی ترجمان نے سعودی عرب کی طرف سے انٹیلی جنس معلومات فراہم کرنے پر ریاض حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے اور ساتھ ہی کہا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے فراہم کی گئی معلومات کی روشنی میں ان کے اداروں نے دہشت گردی کی کئی سازشیں ناکام بنائی ہیں۔

متعلقہ عنوان :