اولمپکس 2016: تمام کھیلوں کے دلچسپ مقابلے جاری

امریکہ کے مزید چار طلائی تمغے 2فیلپس نے جیتے

بدھ 10 اگست 2016 13:11

ریوڈی جنیرو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 اگست۔2016ء) برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جاری اولمپکس مقابلوں میں چوتھے دن امریکہ کے کھلاڑیوں نے مزید چار طلائی تمغے جیتے ہیں اور یوں وہ مجموعی طور پر 26 تمغوں کے ساتھ بدستور میڈل ٹیبل پر سرفہرست ہے۔چوتھے دن کی خاص بات اولمپکس کی تاریخ میں سب سے زیادہ تمغے جیتنے کا اعزاز رکھنے والے امریکی تیراک مائیکل فیلپس کے مزید دو طلائی تمغے تھے۔

انھوں نے یہ تمغے دو سو میٹر بٹر فلائی اور چار ضرب دو سو میٹر ریلے مقابلوں میں حاصل کیے۔2014 میں ریٹائرمنٹ واپس لینے والے مائیکل فیلپس اب تک ریو اولمپکس میں تین طلائی تمغے جیت چکے ہیں جبکہ اولمپکس مقابلوں میں ان کے کل تمغوں کی تعداد 25 ہے جن میں 21 طلائی اور چاندی اور کانسی کے دو، دو میڈل شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اولمپکس میں مائیکل فیلپس کے تمغوں کی تعداد 25 ہے جن میں 21 طلائی اور چاندی اور کانسی کے دو، دو میڈل شامل ہیں فیلپس نے دو سو میٹر بٹرفلائی مقابلے میں جنوبی افریقہ کے تیراک لی کلوس کو ہرا کر 2012 کے لندن اولمپکس میں اسی مقابلے میں اپنی شکست کا بدلہ بھی لیا۔

انھوں نے چار ضرب دو سو میٹر مقابلے میں امریکی ٹیم کو طلائی تمغہ دلوایا جبکہ برطانیہ کی ٹیم نے اس مقابلے میں چاندی جبکہ جاپان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔امریکہ کو دن کا تیسرا طلائی تمغہ بھی تیراکی میں ہی ملا جب خاتون تیراک کیٹی لیڈیکی نے دو سو میٹر فری سٹائل مقابلہ جیتا۔ یہ کیٹی کا انفرادی طور پر ریو میں دوسرا اولمپک گولڈ میڈل ہے۔

کیٹی نے اس دوڑ میں سویڈن کی سارہ سوسٹروم کو شکست دی جبکہ کانسی کا تمغہ آسٹریلیا کی ایما میکوین کے حصے میں آیا۔جمناسکٹس میں امریکی خواتین کی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کی خواتین کی ٹیم کو شکست سے دوچار کیا اور طلائی تمغہ حاصل کیا۔19 سالہ امریکی جمناسٹ سمون بائلز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ بائلز کو رومانیہ کی نادیہ کومانیچی کے بعد جمناسٹکس کی تاریخ کی سب سے بڑی سٹار قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکی جمناسٹ سمون بائلز کو رومانیہ کی نادیہ کومانیچی کے بعد جمناسٹکس کی تاریخ کی سب سے بڑی سٹار قرار دیا جا رہا ہیتاہم چوتھا دن تمام امریکی کھلاڑیوں کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا اور امریکہ کی سٹار ٹینس کھلاڑی سیرینا ولیمز یوکرین کی الینا سویتولینا سے ہار کر اولمپکس سے باہر ہو گئیں۔سرینا اس میچ میں منتشر اور برہم نظر آئیں اور انھوں نے میچ کے دوران 37 غلطیاں کیں جو ان کے لیے مہنگی ثابت ہوئیں۔

میڈل ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود چین نے مقابلوں کے چوتھے دن تین طلائی تمغے حاصل کیے۔سنکرونائزڈ ڈائیونگ کے دس میٹر پلیٹ فارم مقابلے میں چینی کھلاڑیوں نے لگاتار پانچویں اولمپکس مقابلوں میں اپنے ملک کو طلائی تمغہ دلوایا۔اس کے علاوہ ویٹ لفٹنگ میں چین کے 22 سالہ شی زیہونگ نے 69 کلوگرام وزن کے مقابلے میں مجموعی طور پر 352 کلوگرام وزن اٹھا کر طلائی تمغہ جیتا۔

یہ ویٹ لفٹنگ میں چین کا تیسرا گولڈ میڈل ہے۔ہنگری کی ’خاتونِ آہن‘ کہلانے والی کاتنکا ہوسو نے دو سو میٹر انفرادی میڈلی میں اول نمبر پر آ کر اپنے طلائی تمغوں کی تعداد تین تک پہنچا دی۔ انھی کی بدولت ہنگری کل چار طلائی تمغوں کے ساتھ پوائٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ادھر فیلڈ ہاکی کے مقابلوں میں پول بی کے ایک میچ میں انڈیا نے ارجنٹائن کو ایک کے مقابلے پر دو گول سے شکست دے دی۔

اس سے قبل اپنے پہلے میچ میں انڈیا جرمنی سے ہار گیا تھا۔چوتھے دن کے اختتام پر امریکہ نو طلائی، آٹھ نقرئی اور کانسی کے نو تمغوں کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ چین آٹھ طلائی، تین نقرئی اور کانسی کے چھ تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ہنگری چار طلائی، ایک نقرئی اور ایک کانسی کے تمغے کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آ گیا ہے جبکہ آسٹریلیا چوتھے اور روس پانچویں نمبر پر ہے۔ ۔

متعلقہ عنوان :