مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورت حال پر عالمی برادری کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے‘ جماعت اسلامی

بدھ 10 اگست 2016 13:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء)جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں پر عالمی برادری ، اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کی مجرمانہ خاموشی پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جماعت اسلامی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت1947سے فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی مبنی برحق آواز کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ یہ حقیقت بھول رہا ہے کہ جبر و ستم کے ذریعے کسی کا گلا تو وقتی طور پر بند کیا جاسکتا ہے لیکن اس کی آرزؤں اور خواہشات کو ہمیشہ کے لیے ہرگز نہیں کچلا جاسکتا۔

ترجما ن نے کہا کہ بھارت نے خود کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا جسے اس نے آج تک پورا نہیں کیابلکہ اسکے بجائے وہ کشمیریوں کی پر امن جد وجہد کو جدوجہد کو دبانے کے کے لیے وحشیانہ طاقت کا استعمال کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ترجما ن نے کہا کہ کشمیریوں کی پر امن تحریک کو دبانے کے لیے انتہائی مہلک ہتھیار استعمال کیے جا رہے ہیں اور محض ایک ماہ کے اندر ساٹھ سے زائد کشمیریوں کو قتل کیا گیا جبکہ ہزاروں کی تعداد میں زخمی کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ درجنوں کشمیری نوجوانوں کو اندھا کر دیا گیا اوربھارتی فورسز نے ظلم و ستم کے تمام ریکارڑ توڑ دیے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ خواتین اور کم سن بچوں تک کو بھی نہیں بخشا جا رہا اور مقبوضہ علاقے کے ہسپتال اس وقت زخمیوں سے بھرے پڑتے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری ، اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دلانے کے لیے کر دار ادا کریں۔