انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں بری طرح ناکام محمد حفیظ بھی ساتھ اوپنرز کو مشورے دینے لگے

بدھ 10 اگست 2016 14:20

انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں بری طرح ناکام محمد حفیظ بھی ساتھ اوپنرز ..

برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) ناکامیوں سے دوچار محمد حفیظ ساتھی اوپنرز کو مشورے دینے لگے، ان کا کہنا ہے کہ نوجوان شان مسعود اور سمیع اسلم کو مینجمنٹ کے اعتماد کا بھرم رکھنا ہوگا۔ ایک انٹرویو میں محمد حفیظ نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف چند اننگز میں اچھا آغاز کرنے کے باوجود بڑے اسکور بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکا،البتہ اب بھی پرامید ہوں کہ اوول ٹیسٹ میں اپنی صلاحیتیں ثابت کردونگا۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ شان مسعود اور سمیع اسلم باصلاحیت کھلاڑی اور انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم جمانے کیلیے کوشاں ہیں،کیریئر کے آغاز میں ہی اچھی کارکردگی دکھانا بڑا مشکل کام ہے۔مینجمنٹ ان کو مکمل سپورٹ کررہی ہے، اب یہ دونوں اوپنرز پر ہے کہ اس اعتماد کا بھرم رکھیں، ایک سینئر کھلاڑی کے طور پر میں کسی بھی کرکٹر کی معاونت کیلیے تیار ہوں،انھوں نے کہا کہ صرف انفرادی کامیابیاں حاصل کرلینا کافی نہیں، تجربہ کار پلیئرز کو ملک کیلیے ورثہ بھی چھوڑ کر جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ نے کہا کہ انجریز کے سبب بولنگ ایکشن کی اصلاح کیلیے وقت نہیں مل سکا،توجہ فٹنس اور بیٹنگ پر تھی، انگلینڈ میں میری درخواست پر بلائے جانے والے کارل کرو کے مشوروں کا فائدہ ہوا ہے،آئی سی سی بائیو مکینک ٹیسٹ کیلیے ابھی کوئی شیڈول طے نہیں کیا گیا،اس لیے کلیئرنس کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا، دوبارہ آل راؤنڈر کا درجہ پانے کیلیے بیتاب ہوں، تاہم ایکشن کی مکمل اصلاح ہونے کی تسلی کیے بغیر جلد بازی میں ٹیسٹ بھی نہیں دینا چاہتا۔