لیبیا کے شہر سِرت میں امریکی کمانڈوز کے لڑنے کا انکشاف

بدھ 10 اگست 2016 15:18

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء)لیبیا کے شہر سِرت میں امریکی کمانڈوز کے لڑنے کا انکشاف ہوا ہ ۔امریکی اخبار ”واشنگٹن پوسٹ“کی رپورٹ کے مطابق امریکی اسپیشل فورسز کے اہل کاروں نے پہلی مرتبہ لیبیا کی فورسز کو براہ راست معاونت پیش کی ہے جو دارالحکومت طرابلس کے مشرق میں داعش کے گڑھ سرت شہر میں تنظیم کے ساتھ لڑائی میں مصروف ہیں۔

اخبار نے امریکی ذمہ داران کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی کمانڈوز سرت کے اطراف میں کارروائیوں کے حوالے سے مشترکہ مرکز میں کام کر رہے ہیں۔ طرابلس سے 450 کلومیٹر مشرق میں واقع ساحلی شہر سرت پر جون 2015 سے داعش کے شدت پسندوں کا قبضہ ہے۔اخبار نے مزید بتایا کہ امریکی فوجی اہل کار فضائی حملوں کے ٹھکانوں کے تعین کے لیے اپنے برطانوی ہم منصبوں کے ساتھ تعاون سے کام کر رہے ہیں اور اپنے شرکا کو انٹیلی جنس معلومات فراہم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی اخبار نے لیبیا کی حکومت کے ہمنوا افسروں اور مغربی سکیورٹی ذمہ داران کے حوالے سے بتایا ہے کہ چتکبری فوجی وردیوں اور بلٹ پروف جیکٹوں میں ملبوس برطاونوی اور امریکی فوجیوں کو کئی مرتبہ سرت میں دیکھا گیا ہے۔امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے ان معلومات پر تبصرہ کرنے سے نکار کردیا ہے۔ معلوم رہے کہ اس سے پہلے اعلان کیا جا چکا ہے کہ امریکی فوجیوں کے چھوٹے گروپ انٹیلجنس معلومات جمع کرنے کے مقصد سے لیبیا میں موجود ہیں۔