ملک ابرار احمد نے اپنے حلقہ انتخاب میں بجلی کی کم وولٹیج ‘لٹکتی تاروں ‘ٹوٹے ہوئے کھمبوں اور بوسیدہ ٹرانسفارمرز کے حوالے سے شہریوں کی شکایات کا نوٹس لے لیا‘ آئیسکو حکام کی 10دنوں میں بجلی سے متعلق تمام شکایات کے ازالے کی یقین دہانی

بدھ 10 اگست 2016 15:20

اسلام آباد ۔ 10 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 اگست۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی امور کشمیر ‘گلگت بلتستان کے چئیرمین ملک ابرار احمد نے اپنے حلقہ انتخاب میں بجلی کی کم وولٹیج ‘لٹکتی تاروں ‘ٹوٹے ہوئے کھمبوں اور بوسیدہ ٹرانسفارمرز کے حوالے سے شہریوں کی شکایات کا نوٹس لے لیا‘ جواب طلبی پر آئیسکو کے حکام نے نے 10دنوں میں بجلی سے متعلق تمام شکایات کے ازالے کی یقین دہانی کرا دی ۔

بدھ کو راولپنڈی میں بجلی سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کیلئے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی امور کشمیر ‘گلگت بلتستان ملک ابرار احمد کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر محمد کلیم ‘ایکسیئن عارف سدوزئی ‘ویسٹریج ‘ سہام ‘پیرودھائی ‘ طارق آباد‘لالکڑتی ‘گلستان کالونی ‘لالہ زار ‘ڈھیری حسن آباد اور این اے 54کی تمام سب ڈویژنوں کے ایس ڈی اوز ‘راولپنڈی کینٹ کے منتخب ممبران نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ملک ابرار احمدنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کینٹ کے عوام کو کم وولٹیج ‘لٹکتی ہوئی تاروں ‘ٹوٹے ہوئے کھمبوں اور بوسیدہ ٹرانسفارمرز سے شدید مشکلات ہیں جس سے معمول کی زندگی متاثر ہورہی ہے ‘آئیسکو حکام کو چاہے کہ وہ تمام سب ڈویژن کو اس بات کا پابند بنائے کہ وہ اپنے اپنے سب ڈویژن کا تفصیلی سروے کریں اور اس ضمن میں جتنے بھی فنڈز درکار ہیں اس کی سمری بنائی جائے ‘بجلی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے وفاق سے خصوصی فنڈز حاصل کر کے فورا آئیسکو کو دیئے جائیں گے تا کہ فوری طور پر ان مسائل کا ازالہ ہوسکے ۔

ایس ای محمد کلیم نے اجلاس کو بتا یا کہ حلقہ این اے 54کے تمام ایس ڈی اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے ممبران کینٹ بورڈ سے ملکر تفصیلی سروے کر کے رپورٹ دیں اور اسکا تخمینہ لگایا جائے کہ ان مسائل کے فوری اور مستقل حل کے لئے کتنے فنڈز درکار ہیں ۔

متعلقہ عنوان :