کوئٹہ میں معصوم جانوں کا بہیمانہ قتل عام پاکستان کی معیشت کو کمزور کرنے کی گھناؤنی سازش ہے، عاطف اکرام شیخ

بدھ 10 اگست 2016 16:41

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ، سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد اور نائب صدر شیخ عبدالوحید نے کوئٹہ سول ہسپتال میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جس میں تقریبا 70معصوم شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔

انہوں نے سوگوارخاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومین کیلئے دعا مغفرت کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اس وقت چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی سرگرمیوں کا مرکز ہے کیونکہ وہاں بہت سے ترقیاتی کام جاری ہیں اور کوئٹہ میں معصوم جانوں کا بہیمانہ قتل عام نہ صرف اس منصوبے پر جاری سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہے بلکہ پاکستان کی معیشت کو کمزور کرنے کی ایک گھناؤنی سازش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے بلوچستان سمیت پاکستان میں کاروباری و سرمایہ کارانہ سرگرمیوں اور تیز رفتار اقتصادی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا لیکن شاید پاکستان کے دشمن عناصر ایک خوشحال پاکستان کو برداشت نہیں کر سکتے اس لئے وہ پاکستان میں عدم استحکام کی فضا پیدا کرنے کیلئے اس طرح کے بزدلانہ اقدامات کر رہے ہیں۔

تاہم انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مخالف قوتیں کبھی بھی اپنے مزموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گی کیونکہ حکومت اور ہماری مسلح افواج ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے میں پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک بھر کی تاجر برادری اور پوری قوم ملک سے دہشت گرد عناصر کا خاتمہ کرنے کی کوششوں میں حکومت اور مسلح افواج کے ساتھ بھرپور تعاون کرے تا کہ پاکستان کو ایک پرامن ملک بنایا جا سکے کیونکہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ ، نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور تیز رفتار اقتصادی ترقی کے حصول کیلئے پرامن اور سازگار ماحول کا قیام بنیادی شرط ہے۔

متعلقہ عنوان :