کوئٹہ میں دہشت گردی ،نہتے شہریوں کی شہادتوں پر پوری قوم شدت غم میں افسردہ ہے‘ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم ایک ہے ‘پاک فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف کی پشت پر ہے

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شیخ اظہر کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 10 اگست 2016 16:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شیخ اظہر نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں دہشت گردی ،نہتے شہریوں کی شہادتوں پر پوری قوم شدت غم میں افسردہ ہے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم ایک ہے اور پاک فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف کی پشت پر ہے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے دہشتگردوں اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے بھرپور کردار ادا کیاہے۔

(جاری ہے)

آپریشن ضرب عضب کامیابی سے ہمکنار ہو رہا ہے جس سے دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ پر دل خون کے آنسووں روتا ہے‘ وفات پا جانیوالوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی بھی دہشتگردی کا شکار رہی ‘ شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ہسپتال کو نشانہ بنا کر سفاکیت کی انتہا کر دی ہے ایسا واقعہ کوئی انسان نہیں کر سکتا یہ انسانیت میں چھپے وہ درندے ہیں جن کو انسان کہنا انسانیت کی توہین ہے.