آزادکشمیرکے سینئروزیر چوہدری طارق فاروق کا منصب سنبھالنے کے بعد نظامت اعلیٰ زراعت کا دورہ

ناظم اعلیٰ زراعت ڈاکٹر بشیر احمد بٹ نے سینئرافسران کے ہمراہ استقبال کیا

بدھ 10 اگست 2016 17:01

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) آزادکشمیرکے سینئروزیر ووزیر زراعت چوہدری طارق فاروق نے اپنا منصب سنبھالنے کے بعد نظامت اعلیٰ زراعت کا دورہ کیا۔ ناظم اعلیٰ زراعت ڈاکٹر بشیر احمد بٹ نے سینئرافسران کے ہمراہ زراعت کمپلیکس آمد پر سینئر وزیر و وزیر زراعت چوہدری طارق فاروق کا استقبال کیا ۔تعارفی سیشن کے بعدسینئر وزیر ووزیر زراعت چوہدری طارق فاروق کو محکمہ اور ترقیاتی منصوبہ جات کے بارہ میں بریفنگ دی گئی اور زرعی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔

وزیر زراعت نے اس موقع پر آفیسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی سیکٹر میں معیشت کو ترقی دینے اور نوجوان کو روزگار کی فراہمی کے وسیع امکانات موجود ہیں ۔عوام الناس اور حکومتی حلقوں میں محکمہ زراعت کے بارے میں جو تاثر پایا جاتا ہے اسے درست کرنے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے آفیسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تمام تر پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر زرعی ترقی کیلئے کمر بستہ ہو جائیں موجودہ حکومت عوامی فلاح وبہبود کا عزم لیکر آئی ہے اور آزادکشمیر کی ریاست کے قدرتی وسائل کا دانشمندانہ استعمال کرکے اسے زرعی طور پر مستحکم کرنا ہے ۔

وزیر حکومت نے زرعی پالیسی کی تدوین اورمنظوری کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیا ۔ترجیع بنیادوں شعبہ پارکس اورہارٹیکلچر کو ترقی دینے کی ضرورت ہے،زمینداروں کو کولڈ سٹوریج ،زرعی اجناس کی مارکیٹنگ میں سہولت کاری کی فراہمی ہماری ترجیحات ہوں گی۔سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے آفیسران کو یقین دلایا کہ وہ زرعی ترقی کیلئے بین الاقوامی فنڈنگ کے حصول میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ان کے تنظیمی اور سروس کے معاملات کو حل کرنے میں انکا بھرپور تعاون حاصل رہے گا۔یہ بات محکمہ زراعت آزاد کشمیر کے ترجمان شفقت ترین کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتائی گئی۔