موجودہ حکمران پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں انہیں صرف اپنے ذاتی مفادات عزیز ہے ‘اعجازچوہدری

محمود اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان کے بیانات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے دونوں کو مودی اور را سے جتنا پیار ہے بھائیوں کی جوڑی پاکستان چھوڑ کر بھارت ہی شفٹ ہوجائے

بدھ 10 اگست 2016 17:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سابق صدر اعجا ز احمدچوہدری نے کہا کہ موجودہ حکمران پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں انہیں صرف اپنے ذاتی مفادات عزیز ہے ، ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باوجود حکمرانوں نے اپنی ترجہات میں کوئی ردو بدل نہیں کی ،محمود اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان کے بیانات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ان دونوں کو مودی اور را سے جتنا پیار ہے بھائیوں کی جوڑی پاکستان چھوڑ کر بھارت ہی شفٹ ہو جائے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ را کا حاضر سروس افسر پاکستان سے پکڑا گیا اور حکمران ٹولے نے مجرمانہ طور پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے بھارت براہ راست دہشت گردی کے واقعات پاکستان میں کروا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت بھارت کی مسلسل دہشت گردی کے مسئلے کو عالمی سطح پر اٹھائے، سانحہ کوئٹہ کے واقعہ نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نا اہل اور کرپٹ ترین ہے محمود خان اچکزئی کی اپنے اداروں پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے کامیاب ضرب عضب آپریشن بھارت کو ہضم نہیں ہو رہا۔

دہشت گرد بوکھلاہٹ کا شکار ہو نہتے عوام پر بزدلانہ حملے کر رہے ہیں، دہشت گردی کی جنگ میں پاکستانی قوم نے بھاری قیمت ادا کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے بعد پوری قوم دہشت گردی پر ایک ہو گئی تھی ، دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے پنجاب سمیت پورے ملک میں بلا تفریق دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جائے ۔

آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور انشاء اﷲ پاکستان ایک مرتبہ پھر امن کا گہوارہ بنے گا اور ملک دشمن قوتوں کو منہ کی کھانے پڑے گی ۔بعد ازاں اعجاز احمد چوہدری نے کسانوں کے احتجاج پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کسانوں کے تمام مطالبات کی حمایت کرتی ہے اور حکومت پنجا ب کو کہتی ہے کہ ہوش کے ناخن لے اور پسے ہوئے کسانوں کے مسائل فوری حل کرے۔ کسان ملکی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ہے۔ کسانوں کا اپنے حق کے لئے بار بار احتجاج کرنا پنجاب کے حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے ، حکومت پنجاب کسان دشمنی ترک کرے اور پہلی ترجہیح پر کسانوں کے تمام مطالبات کو پورا کرے۔