بنوں میں بارش اور طوفان کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی،ملک شاہ محمدوزیر

بدھ 10 اگست 2016 17:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزنٹ ملک شاہ محمد خان وزیر نے ضلع بنوں میں حالیہ شدید بارشوں اور طوفان سے ہونے والی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور دیگر املاک کو پہنچنے والے نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کو یقین دلایا ہے کہ وہ و زیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے بنوں کیلئے خصوصی پیکج دلوانے کے سلسلے میں بھرپور کوشش کریں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاو ر میں بنوں سے تعلق رکھنے والے قائدین اور پارٹی ورکروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ملک شاہ محمد خان وزیر نے کہا کہ روئے زمین پر قدرتی آفات کی روک تھام کسی کے بس میں نہیں۔انہوں نے کہا کہ متاثرین اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں ،حکومت مصیبت کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ برابر کی شریک ہے ۔معاون خصوصی نے بنوں انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے زخمیوں کے بہتر علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑنے کی تلقین کی۔انہوں نے عمائدین اور پارٹی ورکروں کو یقین دلایاکہ وہ ضلع میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے صوبائی حکومت سے خصوصی پیکج منظور کرانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرینگے۔

متعلقہ عنوان :