منشیات کے گھناؤنے دھندے کے باعث نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے ‘ذکر اﷲ مجاہد

منشیات کے کاروبار کی روک تھام کیلئے حکومت ہنگامی بنیادوں پر کاروائی کرے ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

بدھ 10 اگست 2016 18:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اﷲ مجاہد نے کہا ہے کہ منشیات کے گھناؤنے دھندے کے باعث نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے ، منشیات کے کاروبار کی روک تھام کیلئے حکومت ہنگامی بنیادوں پر کاروائی کرے۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے جے آئی یوتھ کے ذمہ داران سے گفتگو کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کا مستقبل نوجوان نسل ہوتی ہے ۔

اخباری رپورٹ کے مطابق بدقسمتی سے پاکستان میں 50لاکھ سے زائد نوجوان منشیات کے عادی ہو چکے ہیں جو انتہائی قابل تشویش صورتحال ہے ۔انہوں نے کہا کہ منشیات کاگھناؤنا کاروبار80ء کے عشرے کے ابتدائی سالوں میں شروع ہوکر آج تک جاری ہے اوردن بدن منشیات کے کاروبار میں اضافہ ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر منشیات کے کاروبار کی روک تھام کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو ملک وقوم کا مستقبل خطرے میں پڑ سکتا ہے ۔

بین الاقومی ادارے "انٹر نیشنل نارکوٹکس کنڑول بورڈـ"کی جانب سے ایک رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان ملک میں منشیات کی روک تھام کے حوالے سے بری طرح ناکام ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈرگ ریکولٹری اتھارٹی اور انسداد منشیات کے اداروں کے درمیان باہمی اشتراک عمل کی اشد ضرورت ہے تاکہ ملک کو منشیات کا کاروبار کرنے والوں سے پاک کیا جا سکے اور اپنی نوجوان نسل کو نشہ جیسی لت سے بچایا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ اکثر نوجوان بے روزگارہونے کی بنا پر اس گھناؤ نے کاروبار میں پڑ جاتے ہیں اور بعد میں اپنی اور دوسروں کی زندگیاں تباہ کرتے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چند رو پیوں کے لالچ میں گھناؤناکاروبار کرنے والوں اور ان کے پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف بغیر کسی دباؤکے کاروائی اور انھیں کڑی سے کڑی سزائیں دی جائیں تاکہ ملک منشیات جیسے ناسور سے پاک ہو۔