Live Updates

بھارت پانی چھوڑکر پاکستان کو تباہ کرنا چاہتا ہے وہ پاکستان کو برباد کرنے کا کوئی موقعہ ہاتھ سے نہیں جانے دیتا ‘ولید اقبال

سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کے لیے حکمرانوں نے عملی اقدامات کر نے کی بجائے ہر سال کی طرح چپ سادھی ہوئی ہے‘ رہنما تحریک انصاف

بدھ 10 اگست 2016 18:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی پولیٹیکل کمیٹی کے رکن ولید اقبال نے کہاہے کہ بھارت نے کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے 70 سے زا ئد بے گناہ کشمیریوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے اور سینکڑوں افراد ابینائی سے محروم اور شدید زخمی ہوچکے ہیں اور اب وہ پانی چھوڑکر پاکستان کو تباہ کرنا چاہتا ہے وہ پاکستان کو برباد کرنے کا کوئی موقعہ ہاتھ سے نہیں جانے دیتا ۔

گزشتہ روز اپنے جاری کردہ بیان میں ولید اقبال نے کہا کہ دریاؤں اورڈیموں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہیں اور سیلاب کا خطرہ سر پر منڈلا رہا ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کے لیے حکمرانوں نے عملی اقدامات کر نے کی بجائے ہر سال کی طرح چپ سادھی ہوئی ہے ، ہر سال لاکھوں ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں تباہ ہوجاتی ہے اور غریب عوام کا گھر بار، مال مویشیوں سمیت اربوں روپے کا نقصان ہوجاتا ہے اور درجنوں لوگوں کی جانیں بھی ضائع ہوجاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کا غذوں میں حکمرانوں کی جانب سے جاری کردہ اربوں روپے کے فنڈزتلاش کر رہے ہیں کہ وہ کہاں لگائے جا تے ہیں؟ حالیہ بارشوں کی وجہ سے سڑکوں اور گراؤنڈزمیں پانی کھڑا ہونے سے ڈینگی کا خطرہ بھی موجود ہیں حکمران ہوش کے ناخن لیں اور خواب خرگوش سے بیدار ہوں وہ فوٹو سیشن کروانے کی بجائے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فوری اور ٹھوس منصوبہ بندی کریں تاکہ کسی بڑے حاد ثے اور نقصانات سے بچا جا سکے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات