سانحہ کوئٹہ : سنی تحریک نے ملک گیر فاتحہ خوانی کی

Mohammad Ali IPA محمد علی بدھ 10 اگست 2016 18:59

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 10 اگست۔2016ء ) سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کی اپیل پر سانحہ کوئٹہ میں جان بحق ہونے والوں کے لئے ملک بھر میں فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا ۔سانحہ کوئٹہ میں جان بحق ہونے والوں کے لئے سنی تحریک کے زیر اہتمام صوبائی آفس سنی تحریک حضرت داتا دربار میں فاتحہ خوانی کروائی گئی۔

اس موقع پر سنی تحریک کے مر کزی رہنما محمد شاہد غوری نے کہاکہ سانحہ کوئٹہ حکومت کی غیر ذمہ داری اور غیر متوازن پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔سانحہ کوئٹہ کی جس قدر بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔پاک چین راہداری کی اہمیت کا اندازہ سانحہ کوئٹہ سے لگایا جا سکتا ہے کہ دشمن کس قدر خوفزدہ اور حسد کا شکار ہے ۔اس با ت کا اندازہ نہیں بلکہ یقین سے کہا جا سکتا ہے کہ بلوچستان دہشتگردی میں بھارت ملوث ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف بلوچستان میں بھارتی مداخلت اور دہشتگردی کے شواہد فائلوں میں سجا نے کی بجائے اقوام متحدہ میں پیش کریں ۔جبکہ اس موقع پر مر کزی رہنما محمد شاداب رضا نقشبندی ،ڈویژنل صدر علامہ مجاہد عبد رالرسول خان ، سٹی صدر سردار محمد طاہر ڈوگر ، اراکین رابطہ کمیٹی شیخ محمد نواز قادری ،علامہ سرفراز سیالوی، علامہ ریاض ہزاروی ،حافظ رمضان قادری ، و دیگر نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف حکومت نے بیان بازیاں اور فوٹو سیشن بھی کروا لئے ہیں اب عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔

سانحہ کوئٹہ میں بھارت ملوث ہے یا کوئی اور اس سے بھی ضروری یہ بات ہے کہ دہشتگردوں اور مجرموں کو سزا ملنی چاہئے۔گلبھوشن یادیو بھارت کا حاضر سروس ملازم اور دہشتگردوں کا پاکستان میں معاون ہے قوم جاننا چاہتی ہے کہ بھارتی جاسوس کو سزا کیوں نہیں دی جا رہی ؟ وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف بھارت میں موجود اپنے رشتہ داروں کے کاروبار پر پریشان ہونے کی بجائے ملکی سلامتی اور خود مختاری بارے سوچیں ۔

سانحہ کوئٹہ پر رہنماؤں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت بھارت کے سامنے بھگی بلی بننے کی بجائے اقوام متحدہ میں بلوچستان کا مسئلہ پیش کرے یا پھر بھارتی جارحیت اور مداخلت کا منہ توڑ جواب دیا جائے ۔سانحہ کوئٹہ کے بعد ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ملک میں قیادت نام کی کوئی چیز موجود ہی نہیں ۔وزیر اعظم نوازشریف کوئٹہ صرف تصویر بنوانے گئے۔