14اگست کو بے حیائی، بدتمیزی اور لاقانونیت کا طوفان برپا ہوتا ہے‘میاں مقصود احمد

جان لیوا اور نام نہاد کھیل نے سینکڑوں گھروں کے چراغ گل کردیئے ہیں‘امیر جماعت اسلامی پنجاب

بدھ 10 اگست 2016 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے شہر کی مصروف شاہراہوں پر ون ویلنگ کے بڑھتے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ لاہور سمیت صوبے کے تمام بڑے شہروں میں ون ویلنگ کے ذریعے کرتب دکھاتے نوجوان نظر آتے ہیں مگر بدقسمتی سے ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی جاتی،اس جان لیواکھیل سے جہاں ایک طرف ٹریفک کی روانگی میں مشکلات پیداہوتی ہیں وہاں دوسری طرف جانی نقصان بھی دیکھنے کوملتا ہے ،تعطیلات کے ایام میں اس خونی کھیل میں تیزی آجاتی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کی جانب سے ون وہیلروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کوتیز کیاجانا چاہئے۔موٹرسائیکل آرڈیننس1965کے تحت اس جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو6ماہ سے دوسال تک کی قید یا10ہزار روپے تک جرمانہ کیاجاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی دارالحکومت میں پولیس نے ہزاروں موٹرسائیکل مکینکوں کی دوکانوں پر جاکر ان کو دھمکانے کاسلسلہ شروع کردیا ہے۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مکینکوں کی ہزاروں دوکانوں پر کام کرنے والے مزدوروں کو ہراساں کیا جارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔قوانین کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے بھی اقدامات کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ منچلے نوجوان سڑکوں پر اودھم مچاتے نظرآتے ہیں ۔سڑکوں پر بے حیائی ،خواتین کے ساتھ بدتمیزی اور لاقانونیت کاطوفان برپا ہوتا ہے جبکہ پولیس،انتظامیہ اور ٹریفک پولیس بے بسی کے عالم میں کھڑی تماشادیکھنے کے سوا کچھ نہیں کرتی۔

خواتین کی عزت اورمقام ومرتبے کاتحفظ اورسڑکوں پر ٹریفک کی بلاتعطل روانگی کویقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ون ویلنگ کرنے والوں کو پابند سلاسل کیاجانا چاہئے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ ہرسال ون ویلنگ کے باعث درجنوں جانیں لقمہ اجل بن جاتی ہیں۔سینکڑوں نوجوان زخمی ہوکر زندگی بھر کے لیے اپاہج ہوجاتے ہیں۔اس جان لیوا اور نام نہاد کھیل نے سینکڑوں گھروں کے چراغ گُل کردیئے ہیں۔