(ق) لیگ نے صوبے میں جرائم کی شرح بڑھنے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع کروادی

رواں برس2لاکھ15ہزار کیسزدرج،قتل کے4ہزار3سو 73،ریپ ایک ہزار پانچ سوسولہ کیسزتشویشناک ہیں‘ خدیجہ عمر فاروقی

بدھ 10 اگست 2016 19:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے پنجاب میں قتل ،لوٹ مار اور زیادتی کے واقعات میں 43فیصد اضافہ پر پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوائے کار جمع کروادی ۔اپنی تحریک التوائے کار میں انہوں نے کہا کہ رواں برس پنجاب میں2لاکھ 15ہزار کیسز درج ہوئے جن میں قتل کے چار ہزار 3سو 73، ریپ ایک ہزار پانچ سو سولہ اور گینگ ریپ کے106کیسز تشویشناک ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں و افسران کی جانب سے سست روی کے باعث65ہزار سے زائد مقدمات درج ہی نہ ہوسکے۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی فورسز کے قیام کے باوجود جرائم کی شرح میں حیران کن اضافہ ہوا ہے رواں برس 2لاکھ 15ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوچکے ہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بچوں کے اغواء پر والدین بھی تشویش کا شکار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گینگ ریپ کے106کیس درج کیے گئے ہیں جو گزشتہ 6ماہ سے کہیں زیادہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کے لیے اربوں روپے اضافی بجٹ کے باوجودہ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال میں اضافہ ہورہا ہے ۔پنجاب میں شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کی بہتری کیلئے اقداما ت کیے جائیں تاکہ عوام کو تحفظ حاصل ہوسکے۔