قوم دہشت گردی پر حکمرانوں کے بیانات مسترد کرتی ہے،محمد احمدلدھیانوی

Mohammad Ali IPA محمد علی بدھ 10 اگست 2016 19:55

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 10 اگست۔2016ء )اہلسنت والجماعت کے سربراہ علامہ محمد احمدلدھیانوی نے کہاکہ قوم لاشیں اٹھا اٹھاکر تھک چکی ہے،حکمرانوں کے محض مذمتی بیانات کو قوم مستردکرتی ہے، ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے بعد بھی دہشت گرد جب چاہتے ہیں جہاں چاہتے ہیں اپنے مذموم مقاصد حاصل کرلیتے ہیں،وطن عزیز کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتیں دہشت گردی کے خلاف حکومت کو تمام اختیارات دے چکی ہیں ،سانحہ کوئٹہ جیسے واقعات کے بعد حکمرانوں کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا جائے جیسے بیانات قوم کے ساتھ کھلا مذاق ہے،پاکستان بھر میں بالخصوص بلوچستان میں انڈین ایجنسیز کی مداخلت ایک عرصہ سے جاری ہے،قوم پوچھنا چاہتی ہے کہ حکومت نے اب تک ایسے عناصر کے خلاف کیا اقدامات اٹھائے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت میں علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ بھارت اس وقت پاکستان پر آبی اورسرحدی حملے کے ساتھ ٹارگٹ حملے بھی کررہاہے،ہرسال سیلاب کی صورت میں کروڑوں روپے کا نقصان کیا جاتا ہے،فصلوں کی تباہی کی وجہ سے کسانوں کا برا حال ہے،ابھی تک سیلاب کے سدباب کے لیے کوئی حل تلاش نہیں کیا گیا،بھارت جب چاہتا ہے پانی کے ذریعے پاکستان میں تباہی پھیلا دیتا ہے،حکمران مذمتی بیانات کے بجائے دہشت گردی کاسدباب کریں،جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائے گا۔