صوبے کی ترقی کے لیے ہمیں سب کی مدد درکار ہے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی کی گندگی چند دنوں میں صاف نہیں کی جاسکتی ،تمام مسائل آہستہ آہستہ حل کیے جائیں گے،سید مراد علی شاہ ہر شعبے میں بہتری لانے کیلئے احکامات دے چکا ہوں،بیورو کریسی میرے خلاف نہیں ہوسکتی میں،لیاری اسکول کے دورے پر میڈیا سے گفتگو

بدھ 10 اگست 2016 20:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی کے لیے ہمیں سب کی مدد درکار ہے ۔کراچی میں صفائی کا مسئلہ مجھ سے پہلے کا ہے ۔کراچی کی گندگی چند دنوں میں صاف نہیں کی جاسکتی ہے۔تمام مسائل آہستہ آہستہ حل کیے جائیں گے۔اب کام نہ کرنے والے افسران گھر جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو لیاری اسکول کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

شہر کی گندگی کچھ دنوں میں صاف نہیں ہوسکتی ،صفائی کا معاملہ 2 ماہ میں حل ہوجائے گا جہاں سب کو نظر آئے گا دو ماہ میں کتنا فرق آتا ہے، بہتری لانے کیلئے سب کی مدد چاہئے جب کہ میں بھی احکامات دے چکا ہوں۔مراد علی شاہ نے گھوسٹ ملازمین کے حوالے سے کہا کہ ہمیں گھوسٹ اساتذہ کو سدھارنا ہے، سندھ میں صرف گھوسٹ اسکول اور گھوسٹ اساتذہ ہی نہیں بلکہ گھوسٹ طلبا بھی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ سندھ کے ہرشہر کا دورہ کریں گے اور خرابیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ اچھا کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور کام نہ کرنے والوں کو گھر بھیجا جائے گا۔مریاد علی شاہ نے کہا کہ تعلیمی میدان میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کا پروگرام موجود ہے، این جی اوز سرکاری اسکول کے ساتھ مل کر کام کرسکتی ہیں جب کہ بیوروکریسی سے مل کر کام کرنے کا کہا ہے اور سرکاری اشرافیہ ان کے خلاف نہیں ہوسکتی کیونکہ وہ پہلے بھی رکن اسمبلی اور وزیر رہ چکے ہیں۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ کی لیاری آمد کے موقع پر علاقہ مکینوں نے پانی کی قلت اور لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا ۔علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ وزیراعلی سندھ پورے لیاری کا دورہ کریں اوریہاں کے مسائل حل کریں۔

متعلقہ عنوان :