سندھ حکومت گولڈ مارک شاپنگ مال کے متاثرین کے ساتھ ہے،جام خان شورو

میں کوشش کروں گا کہ ان متاثرین کے مالی نقصان کا ازالہ کیا جاسکے،وزیر بلدیات سندھ کی دکانداروں کو یقین دہانی

بدھ 10 اگست 2016 20:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اگست ۔2016ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت گولڈ مارک شاپنگ مال کے متاثرین کے ساتھ ہے اور میں کوشش کروں گا کہ ان متاثرین کے مالی نقصان کا ازالہ کیا جاسکے۔ آگ سے 151 سے زائد دکانوں کا جل کر خاکستر ہوجانا کسی المیہ سے کم نہیں ہے اور ہم ان متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

میں خود اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کروں گا جبکہ کمشنر کراچی اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو آگ کے نقصان کے تخمینہ لگانے کے لئے ہدایات جاری کردی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گولڈ مارک شاپنگ مال، ڈیفنس کے آگ سے متاثرہ دکانداروں کے وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد، سنئیر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ایس ایس پی ساؤتھ شاقب میمن، گولڈ مارک شاپپنگ مال کے وفد کی قیادت صالح محمد نے کی جبکہ وفد میں کبیر آغا، حاجی ظفر، شیر خان، محمد خان اور دیگر شریک تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مارکیٹ کے صدر صالح محمد نے صوبائی وزیر بلدیات کو انہیں آگ سے ہونے والے نقصان کے حوالے سے معلومات فراہم کی۔انہوں نے بتایا کہ آگ سے 151 دکانیں مکمل طور پر جبکہ درجنوں جزوی طور پر تباہ ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نقصان کا تخمینہ 22 سے 25 کروڑ روپے ہے اور اس وقت صورتحال یہ ہے کہ اس آگ کے بعد 2000 سے زائد خاندان بدترین معاشی بحران سے دوچار ہیں۔

صوبائی وزیر بلدیات نے فوری طور پر کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کو گولڈ مارک شاپنگ مال میں نقصان کے تخمینہ لگانے کی ہدایات کی اور کہا کہ گو کہ یہ علاقہ کنٹونمنٹ میں آتا ہے تاہم کیونکہ سندھ حکومت پورے سندھ کی ہے اور ہم اپنے عوام اور تاجر برادری کو اس غم میں کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کریں گے اور کوشش کریں گے کہ تاجروں کے نقصان کا ازالہ ممکن ہوسکے۔

اس موقع پر مارکیٹ کے دکانداروں نے صوبائی وزیر بلدیات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوامی نمائندے کی حیثیت سے انہوں نے ان کے وفد سے ملاقات کرکے ان کے دل مول لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اپیل ہے کہ خود جام خان شورو جائے وقوعہ پر آئیں، جس پر صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ ضرور آئیں گے اور مارکیٹ کے باقی مانندہ دکانداروں سے خود آکر تعزیت بھی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :